دبئی//ہندوستانی کرکٹ ٹیم آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پانچویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔آئی سی سی کی تازہ ترین درجہ بندی کے مطابق پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ون ڈے سیریز میں تین۔صفر سے شکست دے کر ہندوستان پر برتری حاصل کر لی ہے۔
اس سیریز سے قبل پاکستان ون ڈے رینکنگ میں 102 کی ریٹنگ کے ساتھ پانچویں نمبر پر تھی تاہم بابر اعظم کی ٹیم کیریبیئن ٹیم کو کلین سویپ کرنے کے بعد 106 کی ریٹنگ کے ساتھ چوتھے نمبر پر آ گئی ہے۔ 105 ریٹنگ والی ہندوستانی ٹیم پانچویں نمبر پر کھسک گئی ہے۔
اگست میں ہونے والی پاکستان کی اگلی ون ڈے سیریز سے پہلے ہندوستان کو انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف تین تین میچز کھیلنے ہیں، جس میں جیت کر ہندوستان پاکستان سے آگے نکل سکتا ہے۔
دوسری جانب رینکنگ میں نیوزی لینڈ 125 ریٹنگ کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ انگلینڈ (124) نے دوسرا اور آسٹریلیا (107) نے تیسرا مقام حاصل کیا ہے۔