برسٹل// ہندوستان کی کپتان ہرمن پریت کور نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی 20 سے ایک دن قبل برسٹل میں پریکٹس سیشن میں واپسی کی۔
انہیں گزشتہ ہفتے ای سی بی ڈویلپمنٹ الیون کے خلاف ٹی 20 پریکٹس میچ کے دوران سر پر گیند لگی تھی، جس کے بعد انہوں نے احتیاط کے طور پر پانچ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ نہیں کھیلا تھا۔ ہرمن پریت کے کھیلنے کا فیصلہ میچ کے دن کیا جائے گا۔
ہندوستان کی آف اسپن آل راؤنڈر اسنیہ رانا نے پیر کو کہا، "یہ ایک مثبت علامت ہے کہ وہ (ہرمن پریت) آج پریکٹس سیشن میں شامل ہوئیں۔ پریکٹس سیشن کے بعد ان کی جانچ اور نگرانی کی جائے گی۔”
یہ واضح نہیں ہے کہ ہرمن پریت کو سر کی چوٹ کب اور کیسے لگی لیکن اس میچ میں انہوں نے 16 گیندوں میں 28 رنز بنائے جس میں چار چوکے شامل تھے۔ اس کے بعد وہ لیگ اسپنر سیرہ گلین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئیں اور ہندوستان یہ میچ چھ رنز سے ہار گیا تھا۔ انہوں نے سیریز سے قبل کی پریس کانفرنس میں بھی شرکت نہیں کی اور اسمرتی مندھانا نے ناٹنگھم میں پہلے ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی کی تھی، جسے ہندوستان نے 97 رنز سے جیتا تھا۔
مندھانا نے اس میچ میں اپنی پہلی ٹی20 سنچری لگائی، جس سے ہندوستان نے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی۔ وہ تینوں فارمیٹس میں سنچری بنانے والی پہلی ہندوستانی اور دنیا کی پانچویں خاتون کرکٹر بن گئیں۔ بعد ازاں انہوں نے بتایا کہ انہیں میچ سے چند گھنٹے قبل ہی بتایا گیا کہ وہ کپتانی کریں گی، لیکن انہیں 50-50 کا اندازہ تھا اور وہ تیار تھیں۔
منگل کو برسٹل میں، مندھانا ایک اور سنگ میل حاصل کریں گی جب وہ 150 ٹی20 کھیلنے والی صرف دوسری ہندوستانی اور دنیا کی ساتویں خاتون کرکٹر بن جائیں گی۔ ہرمن پریت 178 میچوں کے ساتھ سب سے زیادہ ٹی 20 کھیلنے والی کھلاڑی ہیں۔ برسٹل ٹی ٹوئنٹی کے بعد انگلینڈ اور ہندوستان کی ٹیمیں اوول (4 جولائی)، مانچسٹر (9 جولائی) اور برمنگھم (12 جولائی) میں کھیلیں گی، جس کے بعد تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آغاز ہوگا۔