ممبئی// یشسوی جیسوال ممبئی کے لئےگھریلو کرکٹ کھیلنا جاری رکھیں گے۔
ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن (ایم سی اے) نے ان کی نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) کی درخواست کو منسوخ کر دیا ہے، جو انہوں نے گوا کے لیے کھیلنے کے لیے کی تھی۔
ایم سی اے کے صدر اجنکیا نائک نے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا، "یشسوی ہمیشہ ممبئی کرکٹ کا ایک بہترین چہرہ رہے ہیں۔ ہم نے ان کی این او سی منسوخ کرنے کی درخواست کو قبول کر لیا ہے اور وہ آئندہ ڈومیسٹک سیزن میں ممبئی کے لیے دستیاب ہوں گے۔”
جیسوال نے اپریل میں ایم سی اے سے این او سی لیا تھا اور گوا کے لیے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ایم سی اے نے جیسوال کے فیصلے کو ‘حیران کن’ قرار دیا تھا۔
تاہم، ایک مہینے کے بعد، جیسوال نے دوبارہ ایم سی اے کو ایک خط لکھا، جس میں کہا گیا تھا کہ جیسوال اپنے خاندان کے ساتھ گوا شفٹ ہونے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ تاہم، انہوں نے اپنا منصوبہ تبدیل کر لیا ہے اور اب وہ ممبئی کے لیے کھیلنا جاری رکھنا چاہتے ہیں۔
23 سالہ اس اوپنر نے 2019 میں ممبئی کے لیے اپنا فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا تھا۔ اس کے بعد سے، انہوں نے ممبئی کی طرف سے 10 فرسٹ کلاس میچوں میں 53.93 کی اوسط اور چار سنچریوں کی مدد سے 863 رنز بنائے ہیں۔ جیسوال نے حال ہی میں ختم ہونے والے گھریلو سیزن میں بھی ممبئی کے لیے کھیلا تھا۔
جیسوال اس وقت ہندوستانی ٹیم کے ساتھ انگلینڈ میں ہیں۔