تحریر:ہارون رشید شاہ
تو صاحب کیا بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) صرف ہندو ووٹوں کی بنیاد پر الیکشن پر الیکشن جیت رہی ہے یا وجہ کچھ اور بھی ہے ؟ جواب آپ دیں گے ‘ہم نہیںکہ … کہ اللہ میاں کی قسم ہم کسی کو مزید ناراض کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے ہیں اور… اور بالکل بھی نہیں ہو سکتے ہیں ۔اس لئے ہم اس بارے میں کچھ نہیں کہیں گے اور بالکل بھی نہیں ہے … ہاں البتہ اتنا ضرور کہیں گے کہ بی جے پی کی فتوحات کی وجہ صرف ہندو ووٹ بلاک نہیں ہے … نہیں ہو سکتا ہے اور… اور بالکل بھی نہیںہو سکتا ہے …ایک اہم وجہ اپوزیشن جماعتیں بھی ہیں… اور اللہ میاں کی قسم یہ کوئی چھوٹی موٹی وجہ نہیں ہے… بی جے پی ووٹروں کو یہ یقین دلانے میں کب کی کامیاب ہوئی ہے کہ اس کا کوئی متبادل نہیں ہے… اور بالکل بھی نہیں ہے… اور اپوزیشن بڑی محنت کررہی ہے‘ دیش واسیوں کو یقین دلانے کیلئے کررہی ہے کہ وہ … وہ بی جے پی کا متبادل نہیں ہو سکتی ہے… وہ بی جے پی کا متبادل نہیں ہے ۔ہاں اس تاثر کو لوگوں تک پہنچانے میں کانگریس کلیدی رول ادا کررہی ہے …لیکن صاحب بات صرف کانگریس کی ہی نہیں ہے… صرف کانگریس کو ہی کٹہرے میں ٹھہرایا نہیں جا سکتا ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ٹھہرایا جا سکتا ہے… اگر کانگریس علاقائی جماعتوں کو ان کی جگہ دینے کیلئے خود کو منوانہیں پا رہی ہے تو… تو علاقائی جماعتیں بھی کانگریس کو وہ مقام نہیں دینے کیلئے تیار نظر رہی آ رہی ہیں… جو کانگریس کب کا کھو چکی ہے۔اگر آپ کی سمجھ میں پھر بھی کچھ نہیں آرہا ہے تو… تو صاحب آپ صرف یہ سوچ کر اپنا جی ہلکا کیجئے کہ یہ بی جے پی کا دور ہے‘ اس کا زمانہ ہے‘ کسی اور کا نہیں ‘ بالکل بھی نہیں ۔ ایک زمانے میں کانگریس کا دور ‘ اس کا سکہ چلتا تھا… اب بی جے پی کا راج ہے ‘ اس کا سکہ چلتا ہے … کانگریس نے ایک طوریل مدت تک ملک پر حکمرانی کی … اب بی جے پی اور نریندرا بھائی مودی… اگر کانگریس نے ۵۰ سال حکومت کی تو… تو بی جے پی کو ۵۰ نہیں تو ۲۵ سال حکمرانی تو کرنے دیجئے کہ … کہ اس جماعت میں ملک پر ۲۵ سال یا اس سے زائد عرصے تک حکمرانی کرنے کی پوری صلاحیت موجود ہے اور…ااور اس صلاحیت میں ایک مخصوص دھرم کے لوگوں کو ایک بلا ک کے طور اکٹھا کرنے کی خدا داد صلاحیت بھی شامل ہے ۔ ہے نا؟