سرینگر//
جموں ڈویڑن کے بانہال قصبے سے وادی کشمیر کے بارہمولہ قصبے تک ٹرین خدمات جمعرات کو پٹری پر تازہ برفباری کی وجہ سے معطل کر دی گئیں۔
ریلوے عہدیداروں نے بتایا کہ پٹریوں کو جمع شدہ برف سے صاف کرنے کے بعد ٹرین سروس دوبارہ شروع کردی جائے گی۔وادی کے مختلف حصوں میں صبح سے ہی برف باری ہو رہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ دوپہر سے موسم صاف ہونا شروع ہوجائے گا۔ جموں میں آسمان جزوی طور پر ابر آلود تھا لیکن دوپہر کے وقت سورج بادل سے باہر نکل گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ۱۹جنوری تک مجموعی طور پر موسمی حالات میں کوئی خاص تبدیلی کا امکان نہیں ہے جس کے خشک رہنے کا امکان ہے۔
وادی میں آج بھی درجہ حرارت صفر سے نیچے رہا حالانکہ رات بھر بادل چھائے رہنے کی وجہ سے کم سے کم درجہ حرارت میں معمولی اضافہ ہوا جس سے لوگوں کو کچھ راحت ملی ہے، جو دسمبر سے شدید سردی کا سامنا کر رہے ہیں جب سردی کی ۴۰ دنوں کی طویل مدت ’چلائی کلان‘ شروع ہوئی تھی۔
شدید سردی کا یہ ۴۰روزہ طویل دور۳۰ جنوری کو ختم ہوگا جس کے بعد وادی میں موسم میں بہتری کی توقع ہے۔گلمرگ، سونمرگ اور پہلگام سمیت مختلف سیاحتی مقامات پر بڑی تعداد میں سیاح جمع ہوئے ہیں۔