جموں//
جموںکشمیر کے اکھنور سیکٹر میں اتوار کو دوسرے روز بھی ملی ٹینٹ مخالف آپریشن جاری ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع العریض علاقے کو محاصرے میں لے کر فرارہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق اکھنور سیکٹر میں ایل او سی کے نزدیک چند مشتبہ ملی ٹینٹوں کی نقل وحرکت کے بعد سیکورٹی فورسز نے متعدد علاقوں کو سیل کیا ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ اتوار کو فوج نے اکھنور کے باتھل اور جوگی ون جنگلی علاقوں کو پوری طرح سے سیل کرکے لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی۔دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایل او سی کے نزدیک ملی ٹینٹوں کو دیکھا گیا ہے جس کے پیش نظر فوج نے کئی علاقوں میں تلاشی آپریشن کا دائرہ وسیع کیا ہے ۔
ان کے مطابق ڈرون کیمروں ، کھوجی کتوں کی مدد سے علاقے کو کھنگالا جارہا ہے تاہم ابھی تک ملی ٹینٹوں اور فورسز کے درمیان آمنا سامنا نہیں ہوا ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ اضافی دستوں کو بھی جنگلی علاقے کی اور روانہ کیا گیا ہے تاکہ ملی ٹینٹوں کو جلد ازجلد مار گرایا جاسکے ۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں تلاشی آپریشن جاری تھا۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے ۔