سرینگر//
وزیراعظم نریندر مودی کے دورے کشمیر کے پیش نظر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔
سرینگر اور گاندربل اضلاع میں سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے اور کسی کو بھی بغیر تلاشی کے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔
بتادیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی پیر کی صبح ساڑھے گیارہ بجے سونہ مرگ میں زیڈ موڑ ٹنل کا افتتاح کریں گے ۔
اطلاعات کے مطابق سونہ مرگ میں زیڈ موڑ ٹنل کی افتتاحی تقریب کے پیش نظر گاندربل اور سری نگر کے مضافاتی علاقوں میں سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔
نامہ نگار نے بتایا کہ سری نگر کے حبک کراسنگ علاقے سے ہی سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری کو تعینات کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو تلاشی کے بغیر آگے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔
نامہ نگار نے مزید بتایا کہ گاندربل میں سیکورٹی فورسز کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے لوگوں پر نظر گزر رکھی جارہی ہیں۔
وزیر اعظم دفتر میں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ اتوار کو سری نگر پہنچے اور ہوائی اڈے پر بی جے پی کے سینئر لیڈروں نے ان کا استقبال کیا۔
افتتاحی تقریب میں مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری، وزیر اعظم دفتر میں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ، ٹرانسپورٹ کے وزیر مملکت اجے تمتا ، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ ، نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری، اپوزیشن لیڈر سنیل شرما ، ممبر پارلیمان آغا روح اللہ مہدی کے علاوہ ممبر پارلیمنٹ غلام علی بھی موجود رہیں گے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس سربراہ نالین پربھات ، آئی جی کشمیر وی کے بردی کے علاوہ سراغ رساں ایجنسی اور وزارت داخلہ کے سینئر آفیسران گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے سونہ مرگ میں خیمہ زن ہے ۔
باوثوق ذرائع کے مطابق سونہ مرگ کے اوپری پہاڑی علاقوں میں بھی سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے ۔