جموں/۹جنوری
جموں کشمیر کے وزیر اعلی‘ عمر عبداللہ نے کہا کہ عام آدمی پارٹی ، کانگریس اور دیگر سیاسی جماعتوں کو آئندہ دہلی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے ساتھ لڑنے کا طریقہ طے کرنا چاہئے۔
جمعرات کو نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو میںان کاکہنا تھا”فی الحال میں اس معاملے پر کچھ نہیں کہہ سکتا۔ کیونکہ ہمارا دہلی اسمبلی انتخابات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ عام آدمی پارٹی، کانگریس اور وہاں کی سیاسی جماعتوں کو فیصلہ کرنا چاہئے کہ بی جے پی کے ساتھ بہتر طریقے سے کیسے لڑنا ہے“۔
وزیر اعلیٰ نے یہ بھی ذکر کیا کہ عام آدمی پارٹی نے دہلی میں پچھلے دو ریاستی اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔ اس بار ہمیں انتظار کرنا ہوگا کہ دہلی کے لوگ کیا فیصلہ کرتے ہیں۔
اس موقع پر این سی کے صدر اور جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی فاروق عبداللہ نے نشاندہی کی کہ اتحاد صرف الیکشن لڑنے تک محدود نہیں ہے۔
ان کاکہنا تھا”جہاں تک اتحاد کا تعلق ہے، اتحاد ہر چیز میں موجود ہے، اور یہ انتخابات لڑنے تک محدود نہیں ہے۔یہ اتحاد ملک کو مضبوط بنانے اور ہمارے ملک سے اس نفرت کو ختم کرنے کے لئے موجود ہے۔ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ یہ صرف پارلیمانی انتخابات کے لئے ہے، انہیں اس غلط فہمی سے باہر آنا چاہئے“۔
دہلی اسمبلی انتخابات 5 فروری کو ایک ہی مرحلے میں ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی 8 فروری کو ہوگی۔
پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 17 جنوری ہے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی تاریخ 18 جنوری ہے۔ جبکہ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 20 جنوری ہے۔
دہلی میں لگاتار 15 سال اقتدار میں رہنے والی کانگریس کو پچھلے دو اسمبلی انتخابات میں دھچکا لگا ہے اور وہ ایک بھی سیٹ جیتنے میں ناکام رہی ہے۔ اس کے برعکس عام آدمی پارٹی نے 2020 کے اسمبلی انتخابات میں 70 میں سے 62 نشستیں حاصل کیں جبکہ بی جے پی کو صرف 8 نشستیں ملی تھیں۔