سرینگر//
ضلع انتظامیہ سرینگر نے محکمہ موسمیات کشمیر کی پیشگوئی کے پیش نظر ایک ایڈوائزری جاری کی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں اور خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے اور خلل کو کم سے کم کیا جاسکے۔
سرینگر انتظامیہ نے ایم ایچ اینڈ ای ڈی، پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی)، ایس ایم سی، کے پی ڈی سی ایل، جل شکتی، صحت اور میڈیکل ایجوکیشن محکموں سے کہا ہے کہ وہ برف کی صفائی اور متعلقہ کاموں کیلئے ضروری لاجسٹک انتظامات کریں۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ان تمام محکموں کا فیلڈ عملہ فوری مدد فراہم کرنے کیلئے اپنے ہیڈ کوارٹرز میں موجود رہے گا۔
انتظامیہ نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ڈی ای او سی) بھی قائم کیا ہے اور عوام سے کہا ہے کہ وہ ایمرجنسی کی صورت میں متعلقہ محکمے سے رابطہ کریں۔
اس سے قبل ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سرینگر مختار احمد نے بتایا کہ ۴ سے۶ جنوری تک برفباری کی پیش گوئی کی گئی تھی جس کے بعد محکمہ نے پہلے ہی کچھ علاقوں کیلئے ۴؍ اور۵ جنوری کے لئے یلو اور اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ۴ جنوری سے۶ جنوری کی صبح تک برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ نشیبی علاقوں میں معتدل سے شدید برفباری ریکارڈ کی جائے گی جبکہ بالائی علاقوں میں شدید برفباری کا امکان ہے۔
احمد نے کہا کہ جموں کے میدانی علاقوں میں۴ سے ۶جنوری کے دوران ریکارڈ بارش ہوگی جبکہ چناب کے علاقوں میں برفباری ہوگی۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر نے کہا کہ۶ جنوری سے۱۰جنوری تک موسم خشک رہے گا جبکہ۷جنوری سے سردی کی لہر اور گھنے موسم کا امکان ہے۔
احمد نے کہا کہ برف جمع ہونے کے پیش نظر انہوں نے پہلے ہی کچھ اضلاع میں یلو اور اورنج الرٹ جاری کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بعض علاقوں میں برفانی تودے گرنے کا امکان ہے جبکہ۵ جنوری کو زمینی اور فضائی آمدورفت میں خلل پڑ سکتا ہے۔
اس دوران جموںکشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے جمعے کے روز کہاکہ امکانی برف باری کے پیش نظر سرکار نے تمام تیاریاں مکمل کی ہیں۔
چودھری نے کہاکہ موجودہ سرکار عوام کے توقعات پر کھرا اترنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ۔
ان باتوں کا اظہار چودھری نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہاکہ وادی کشمیر میں امکانی برف باری کے پیش نظر سرکار نے سبھی محکموں کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔
چودھری نے کہاکہ سنو کلیرنس کیلئے ایک جدید مشین بھی کشمیر لائی گئی جس سے برف کو ہٹانے میں آسانی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ میکینکل ڈویژن کشمیر میں ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ لوگوں کی مشکلات کا جلدازجلد ازالہ ہو سکے ۔
چودھری نے کہاکہ چونکہ لوگوں نے نیشنل کانفرنس کو ایک مضبوط منڈیٹ دیاہے لہذا ہم عوام الناس کے مسائل حل کرنے کے اپنے وعدے پر کاربند ہے ۔
بی جے پی کی جانب سے عمر سرکار کو تنقید کا نشانہ بنانے پر نائب وزیر اعلیٰ نے کہاکہ اپوزیشن جماعت نے گزشتہ دس سالوں کے دوران کچھ بھی نہیں کیا صرف یہاں پر بے روزگاروں کی ایک فوج کھڑی کردی۔
ان کے مطابق کل وزیر اعلیٰ نے پریس کانفرنس کے دوران فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ میں ہوئی بے ضابطگیوں کا سخت نوٹس لیا جس کے بعد اینٹی کرپشن بیورو نے اس پر کارروائی عمل میں لائی۔
چودھری کا کہنا تھا کہ ابھی ہم یوٹی کے اندر کام کر رہے ہیں جس میں کافی رکاوٹیں ہیں ۔