سرینگر//
جموںکشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے جمعرات کے روز کہاکہ موجودہ سرکار ریاستی اور خصوصی درجے کی بحالی پر کام کر رہی ہے ۔
چودھری نے کہاکہ پہلی کابینہ میٹنگ اور اسمبلی کے پہلے اجلاس کے دوران ہی نیشنل کانفرنس نے خصوصی درجے اور ریاستی درجے کی بحالی پر ریزولیشن پاس کی۔انہوں نے مزید بتایا کہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے ریاستی درجے کی بحالی کا وعدہ کیا ہے ۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہاکہ الیکشن سے قبل موجودہ سرکار نے عوام کے ساتھ جتنے بھی وعدئے کئے انہیں ہر حال میں پورا کیا جائے گا۔
چودھری نے کہاکہ نیشنل کانفرنس کی سرکار نے پہلی کابینہ میٹنگ کے دوران ریاستی درجے کی بحالی پر ریزولیشن پاس کیا جبکہ اسمبلی اجلاس میں خصوصی درجے اور سٹیٹ ہڈکی بحالی پر بھی بل پاس کرائی ۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا’’وزیرا عظم نریندر مودی نے جموں میں جلسے کے دوران لوگوں سے وعدہ کیا کہ جوں ہی الیکشن اختتام پذیر ہونگے ریاستی درجہ بھی بحال ہوگا لیکن ابھی تک یہ وعدہ وفا نہیں ہوسکا‘‘۔
چودھری نے کہاکہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں وزیر داخلہ امیت شاہ نے وعدہ کیا کہ جموں وکشمیر کو بہت جلد ریاست کا درجہ واپس ملے گا۔
نائب وزیر اعلیٰ نے نامہ نگاروں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کے لیڈروں سے یہ بھی سوالات پوچھے جانے چاہئے کہ ریاستی درجے کی بحالی کا فیصلہ کب لیا جائے گا۔
این سی لیڈر نے واضح کیا کہ جموں وکشمیر کی موجودہ سرکار نے جو وعدئے کئے اس پر ہم چٹان کی طرح قائم ہے ۔