نئی دہلی//بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی دہلی یونٹ کے صدر وریندر سچدیوا نے وزیر اعلیٰ آتشی کے ہندو مندروں اور بدھ مٹھوں کو منہدم کرنے سے متعلق بیان کی مذمت کی ہے اور ان پر دہلی کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے کی کوشش کرنے کا الزام لگایا ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ محترمہ آتشی نے الزام لگایا ہے کہ قومی راجدھانی دہلی میں ہندو مندروں اور بدھ مٹھوں کو منہدم کرنے کی سازش رچی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس سلسلے میں 22 نومبر کو مذہبی کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا اور اس اجلاس میں مندروں اور مٹھوں کو منہدم نے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
وزیر اعلیٰ کے اس بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے مسٹر سچدیوا نے کہا کہ مذہبی کمیٹی کی سربراہی دہلی حکومت کے وزیر داخلہ کرتے ہیں اور وزیر اعلیٰ اور لیفٹیننٹ گورنر کو کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ آتشی بتائیں کہ کیا ان کی حکومت کے محکمہ داخلہ نے ایسی کوئی سفارش کی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے مندر کو مسمار کرنے کا بیان دے کر دہلی کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے کی کوشش کی ہے ۔
مسٹر سچدیوا نے الزام لگایا کہ دہلی کے لوگوں کو یاد ہے کہ 2020 کے اسمبلی انتخابات سے پہلے بھی عام آدمی پارٹی ( آپ ) نے شہریت سے متعلق ترمیمی قانون (سی اے اے ) کے بارے میں ایسا ہی بیان دیا تھا اور پھر انتخابات کے بعد، ‘آپ’ کے کونسلر کی قیادت میں دہلی میں فسادات ہوئے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ محترمہ آتشی کو فوری طور پر اپنا بیان واپس لینا چاہئے ، ورنہ دہلی میں اگر کوئی ناخوشگوار واقعہ ہوتا ہے تو وہ خود اس کی ذمہ دار ہوں گی۔