سرینگر//
پولیس کی سائبر سیل نے وسطی ضلع گاندربل میں کل۱۷لاکھ روپے مالیت کی فراڈ کے معاملات کو حل کرکے آپریشن کے صرف نو مہینوں کے اندر۱۶لاکھ مالیت کے گمشدہ یا چوری شدہ اسمارٹ فونز کو برآمد کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ مارچ ۲۰۲۴میں اپنے قیام کے بعد سے سائبر سیل نے مختلف مقامات سے۸۷موبائل فونز بازیافت کیے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ یہ آلات، یا تو گم ہو گئے تھے یا چوری ہو گئے تھے ان کو بازیافت کرکے حقیقی مالکان کے حوالے کر دیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ اب تک۷۴موبائل فون واپس کیے جا چکے ہیں، جبکہ مزید ۱۳آج واپس کیے گئے ہیں۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ برآمد شدہ سمارٹ فونز کی کل قیمت۱۶لاکھ روپے بنتی ہے ۔
ترجمان نے کہا’’موبائل فونز کی بازیابی کے علاوہ سائبر سیل نے مالی فراڈ کے مقدمات سے نمٹنے میں بھی نمایاں پیش رفت کی ہے۔ دھوکہ دہی کے لین دین میں کل۱۷ لاکھ روپے کا حساب لگایا گیا ہے، جس میں سے۳لاکھ۷۸ہزار۵۲۷روپے پہلے ہی متاثرین کے کھاتوں میں جمع ہو چکے ہیں‘‘۔
ترجمان نے کہا کہ علاوہ ازیں بلیک میلنگ اور سوشل میڈیا اکاؤنٹ ہیکنگ کے۵۶سے زائد کیسز حل کیے جا چکے ہیں۔