سرینگر//
پولیس نے وسطی ضلع بڈگام میں چوری کے ایک کیس کو چند گھنٹوں کے اندر ہی حل کرکے ملزم کو گرفتار اور مسروقہ رقم کو بر آمد کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس چوکی موچھوہ کو۲۹دسمبر کو محمد اشرف نائک ولد غلام محمد نائک ساکن مہو بانہال نامی ایک شخص، جو جامع مسجد گوپال پورہ چاڈورہ میں پیش امام کے فرائض انجام دے رہا ہے ، کی طرف سے ایک تحریری شکایت موصول ہوئی جس میں کہا گیا ہے کہ کچھ نامعلوم چور اس کے کمرے سے نقدی رقم اس وقت اڑا لے گئے جب وہ مسجد میں فجر کی نماز پڑھ رہا تھا۔
ترجمان نے کہا کہ شکایت پر بی این ایس کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن چاڈورہ میں ایک ایف آئی آر زیر نمبر ۲۰۲۴/۱۸۰درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ تحقیقات کے دوران پولیس کی ایک ٹیم نے اس جرم میں ملوث مشتبہ افراد کو پکڑنے کے لیے انٹلی جنس معلومات کا استعمال کرتے ہوئے فوری کارروائی انجام دی۔
پولیس ترجمان نے کہا’’کچھ مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا اور ان میں سے ایک کی شناخت عمر فاروق شاہ کے نام سے ہوئی جو زولواہ گوپال پورہ کا رہنے والا ہے ، نے جرم میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا‘‘۔انہوں نے کہا’’ملزم کو موقع پر گرفتار کیا گیا اور اس کے قبضے سے ۲۲ہزار۲سو۲۰روپے کی مسروقہ نقدی رقم برآمد کر لی گئی۔‘‘