سرینگر/ 30 دسمبر
سی پی آئی (ایم) کے سینئر لیڈر اور رکن اسمبلی محمد یوسف تاریگامی تاریگامی نے سال 2025 کے کلینڈر میں عام تعطیلات کی فہرست سے 13 جولائی اور 5 دسمبر کو ہٹانے کو بدقسمتی کا فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے خطے کی تاریخی اور ثقافتی میراث کو نقصان پہنچے گا۔
کولگام کے ممبر اسمبلی نے پیر کو اپنے ایک بیان میں کہا”یہ بہت بدقسمتی کی بات ہے کہ 13 جولائی اور 5 دسمبر کو 2025 کیلنڈر سال کی چھٹیوں کی فہرست سے خارج کر دیا گیا ہے “۔
تاریگامی کا کہنا تھا” 13 جولائی جموں کشمیر کے لیے انتہائی تاریخی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ ان لوگوں کی قربانی کی یاد کو تازہ کرتا ہے جنہوں نے آمرانہ حکمرانی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں اور انسانی وقار کی وکالت کی“۔
ممبر اسمبلی نے کہا کہ اسی طرح 5 دسمبر جو شیخ صاحب (شیخ محمد عبداللہ) کا یوم پیدائش ہے ، بھی بہت اہمیت کا حامل دن ہے ۔
کمیونسٹ لیڈرنے کہا”شیخ صاحب اور ان کے ساتھیوں نے نئے کشمیر کے منشور کے حصے کے طور پر معاشرے کو جمہوری بنا کر بنیادی زمینی اصلاحات کو نافذ کر کے لوگوں کو بااختیار بنانے ،مفت تعلیم فراہم کرنے اور خواتین کو بااختیار بنانے میں عظیم شراکت کی“۔
تاریگامی کا کہنا تھا”ہماری اجتماعی یاداشت سے ایسے اہم سنگ میل کو مٹانے کی کوششیں ان اقدار کو کمزور کرتی ہیں جن کی وہ نمائندگی کرتے ہیں“۔
ممبر اسمبلی نے کہا کہ اس طرح تاریخ مسخ کرنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔