راجوری//
بی جے پی لیڈر اور ایم ایل اے کالاکوٹ ٹھاکر رندھیر سنگھ اور ان کے حامی جمعرات کو ایک تقریب کے مقام پر پہنچ گئے جہاں نائب وزیر اعلی سریندر چودھری کو ایک پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنا تھا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کردیا جنہوں نے ڈپٹی چیف منسٹر کو ہراساں کرنے کی کوشش کی۔
ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بی جے پی ایم ایل اے کالاکوٹ ٹھاکر رندھیر سنگھ اور ان کے حامی اس مقام پر داخل ہوئے جہاں نائب وزیر اعلی سریندر کمار چودھری کو ایک پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنا تھا۔
رندھیر سنگھ نے الزام لگایا کہ حکومت نے انہیں مدعو نہیں کیا اور مقامی نمائندے کی حیثیت سے سرکاری تقریب کا حصہ بننا ان کا حق ہے۔
سنگھ نے کہا’’ڈپٹی چیف منسٹر کو پروٹوکول کا علم نہیں ہے۔ وہ کسی پروجیکٹ کے افتتاح کے لئے ایک مقامی ایم ایل اے کو نظر انداز نہیں کرسکتے ہیں۔ یہ واضح طور پر استحقاق کی خلاف ورزی ہے اور جب ہم یہاں اس تشویش کو اٹھانے اور انہیں پروٹوکول کے بارے میں یاد دلانے آئے تو سیکورٹی اہلکاروں نے مجھ پر اور میرے حامیوں پر حملہ کیا‘‘۔
نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ کچھ لوگ اس طرح کے معاملات پر سیاست کرتے ہیں۔
چودھری نے کہا’’یہ پل بدھل حلقہ میں تعمیر کیا جا رہا ہے لیکن جگہ کی کمی کی وجہ سے یہ تقریب کالاکوٹ میں منعقد کی گئی تھی اور ایم ایل اے بدھال جاوید اقبال چودھری پہلے سے ہی اس تقریب میں موجود تھے۔‘‘