نئی دہلی/۲۶دسمبر
سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کا آج رات دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز) میں انتقال ہو گیا۔ وہ 92 سال کے تھے۔
ایک بیان میں ہسپتال نے کہا کہ کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم کا عمر سے متعلق طبی حالات میں علاج کیا جا رہا تھا اور وہ’گھر پر اچانک بے ہوش ہو گئے تھے‘۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام تر کوششوں کے باوجود انہیں زندہ نہیں کیا جا سکا اور رات 9 بج کر 51 منٹ پر انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔
ڈاکٹر منموہن سنگھ 2004 سے 2014 تک بھارت کے وزیر اعظم رہے۔کانگریس کے سینئر رہنما راجیہ سبھا میں 33 سال کی طویل مدت کے بعد امسال اپریل میں راجیہ سبھا سے سبکدوش ہوئے تھے۔
وزیر اعظم‘ نریندرا مودی نے اپنے اک بیان میں منموہن سنگھ کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اپنے سب سے ممتاز رہنماو¿ں میں سے ایک کی موت پر سوگ منا رہا ہے“۔
بی جے پی کے قومی صدر اور مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے ٹویٹ کیا کہ سابق وزیر اعظم اور ماہر اقتصادیات جناب منموہن سنگھ جی کا انتقال ملک کےلئے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔
نڈا کاکہنا تھا”ایک دور اندیش سیاست داں اور ہندوستانی سیاست کے ایک قدآور رہنما، عوامی خدمت میں اپنے شاندار کیریئر کے دوران، انہوں نے مسلسل پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کے لئے آواز اٹھائی“۔