سرینگر//
سرینگر پولیس نے۲۰۲۴کے دوران منشیات اور نشیلی ادویات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پرکریک ڈاون شروع کیا جس کے زمینی سطح پر مثبت نتائج برآمد ہوئے ۔
سرینگر پولیس نے سال رواںکے دوران ۱۵۶منشیات فروشوں کوگرفتارکر ان کے قبضے سے۱۷ء۱کلو برون شوگر’۹۲ء۲کلو ہیروئن‘۱۳ء۱۳کلو چرس‘۱۶ء۱۰ گانجا‘ ۸۳ء۲کلو کرسٹل متھ ‘۱۸ء۴۴کلو ممنوع نشیلی اشیاء‘۲۸۴نشہ آور بوتلیں اور۲۸۲۳نشیلی ٹکیاں برآمد کی ہیں۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ۲۰۲۴میں سرینگر پولیس نے این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ۹۴کیس درج کرکے ۱۵۶منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لائی۔ اس دوران۲۶منشیات فروشوں کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے انہیں ادھم پور ، بدرواہ ، کٹھوعہ اور کورٹ بلوال جیل منتقل کیا۔
ترجمان نے کہاکہ مذکورہ منشیات فروش سرینگر کے نوجوانوں میں منشیات کی اشیاء فروخت کرنے میں ملوث پائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ گرفتار منشیات فروشوں کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمات بھی درج ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت متعدد مقدمات درج ہونے کے باوجود عدالتوں سے ضمانت حاصل کرنے کے بعد بھی وہ نہیں سدھریں اور غیر قانونی منشیات نیٹ ورک کے ذریعے وادی بالخصوص سری نگر میں منشیات کے کاروبار کو فروغ دینے میں ملوث پائے گئے ۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کی جائیدادوں کو بھی قرق کیا گیا ۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ۶۸؍این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت سرینگرپولیس نے۷گاڑیاں اور۴۷ء۴کروڑ روپے مالیت کے سات رہائشی مکانوں کو بھی منسلک کیا ۔ علاوہ ازیں گرفتار منشیات فروشوں کے۲۳بینک کھاتے بھی منجمد کئے گئے ۔
ترجمان کے مطابق ایک سال کے دوران منشیات فروشوں کے قبضے سے۴لاکھ ۹۰ہزار۶۹۶روپے نقدی ۱۷موبائیل فون اور ایک ڈرون کو بھی ضبط کیا گیا ہے ۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ منشیات اور نشیلی ادویات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف پولیس کی جنگ جار ی رہے گی۔انہوں نے کہاکہ منشیات فروش کسی رعایت کے مستحق نہیں لہذا ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانا اب ناگزیر بن گیا ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے پٹن علاقے میں دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے ۔
گرفتار شدگان کی شناخت محسن راجا ولد غلام محی الدین تانترے ساکن تانترے پورہ پلہالن اور عاشق حسین ڈار ولد عبدالاحد ڈار ساکن منز سیر سوپور کے طور پر ہوئی ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن پٹن کی ایک ٹیم نے ایس ایچ او کی قیادت میں آئی ٹی آئی پٹن کے نزدیک ایک ناکے پر ایک سینٹرو گاڑی کو روکا جس میں دو افراد سوار تھے ۔
ترجمان نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے۳۰ء۲گرام برائون شوگر بر آمد کیا گیا جس کے بعد دونوں کو گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن پٹن میں مزید قانونی کارروائیوں کے لئے بند رکھا گیا۔
گرفتار شدگان کی شناخت محسن راجا ولد غلام محی الدین تانترے ساکن تانترے پورہ پلہالن اور عاشق حسین ڈار ولد عبدالاحد ڈار ساکن منز سیر سوپور کے طور پر ہوئی ہے ۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس جرم کیلئے استعمال کی جانی والی سینٹرو گاڑی کو بھی ضبط کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے اس ضمن میں پولیس اسٹیشن پٹن میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔