جموں//
جموں کشمیر اسمبلی کے اسپیکر عبدالرحیم راتھر نے منگل کے روز قانون ساز اسمبلی میں رولز آف پروسیجر اینڈ کنڈکٹ آف بزنس کے مسودے کو حتمی شکل دینے کے لئے ۹رکنی کمیٹی تشکیل دی۔
حکم نامے کے مطابق اسپیکر عبدالرحیم راتھر کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے۔
جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں رولز آف پروسیجر اینڈ کنڈکٹ آف بزنس کے رول۳۶۳ کے تحت تشکیل دی گئی کمیٹی کے ممبران میں اراکین اسمبلی مبارک گل (این سی)، محمد یوسف تاریگامی (سی پی آئی ایم)، سیف اللہ میر (نیشنل کانفرنس)، نظام الدین بھٹ (کانگریس)، پون کمار گپتا (بی جے پی)، حسنین مسعودی (این سی)، رنبیر سنگھ پٹھانیا (بی جے پی) اور مظفر اقبال خان (آزاد حمایتی حکمراں اتحاد) شامل ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کمیٹی میں حکمراں اتحاد کے سات اور بی جے پی کے دو ارکان شامل ہیں۔ کشمیر سے تعلق رکھنے والا کوئی بھی ایم ایل اے اس پینل کا حصہ نہیں ہے۔
کمیٹی آئندہ بجٹ اجلاس کے آغاز سے قبل جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں رولز آف پروسیجر اینڈ کنڈکٹ آف بزنس کے مسودے کو حتمی شکل دے گی۔
جموںکشمیر قانون سازاسمبلی کا اجلاس فروری کے دوسرے ہفتے میں شروع ہونے کا امکا ن ہے ۔