سرینگر//
جموںکشمیر نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر‘ایڈوکیٹ شوکت احمد میر کاکہنا ہے کہ عوام کی راحت نیشنل کانفرنس کا بنیادی ایجنڈا اور منشور ہے اور ہماری حکومت اپنے انتخابی وعدوں کو پورا کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔
انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کو اس وقت سب سے زیادہ راحت درکار ہے کیونکہ گذشتہ۱۰سال کے عرصے کے دوران یہاں کے عوام کو پہاڑ جیسے مسائل و مشکلات، دھوکے اور فریبوں کا سامنا کرنا پڑا ہے ، نیشنل کانفرنس کی ہمیشہ یہی کوشش ہوگی کہ حکومت کا ہر ایک اقدام عوام دوست اور عوامی مفاد کیلئے ہو۔
ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس صوبائی صدر ایڈوکیٹ شوکت احمد میر نے حلقہ انتخاب بیروہ کے ایک غیر معمولی استقبالیہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈوکیٹ شوکت نے کہا کہ جن خودساختہ جماعتوں نے کشمیری عوام کو دھوکہ دیا اور جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن ختم کروانے میں اہم رول ادا کیا ۔
صوبائی صدر نے کہاکہ اُن جماعتوں کو یہاں کے عوام نے اسمبلی انتخابات میں یکسر مسترد کردیا اور اپنی آبائی جماعت نیشنل کانفرنس کر بھاری اکثریت سے کامیابی سے ہمکنار کیا کیونکہ یہی ایک ایسی عوامی نمائندہ جماعت ہے جو یہاں کے لوگوں کو راحت پہنچانے کیساتھ ساتھ بنیادی جمہوری اور آئینی حقوق کی بحالی کیلئے جدوجہد کرنے کی اہل ہے ۔
ایڈوکیٹ میر نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کو یہ طرہ امتیاز حاصل ہے کہ اس جماعت نے ہمیشہ یہاں کے عوام کی بھلائی کیلئے ایسے تاریخی اور انقلابی اقدامات کئے ہیں جن کی کہیں مثال نہیں ملتی۔
این سی صوبائی صدر نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے اگلے ۵سال کیلئے ایک منظم لائحہ عمل اپنے منشور کی صورت میں مرتب کیا ہے اور ہماری جماعت اس منشور میں کئے گئے ہر ایک وعدے کو پورا کرکے ہی دم لے گی۔ جموںوکشمیر کے عوام کو راحت کی ضرورت ہے اور انشائاللہ نیشنل کانفرنس ہر حال میں عوامی راحت کے اقدامات کرتی رہے گی۔
ایڈوکیٹ میر نے پارٹی سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ پارٹی کی مضبوطی کیساتھ ساتھ لوگوں کے مسائل و مشکلات اُجاگر اور حل کرنے میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کیاکریں۔