سرینگر//
جموں و کشمیر انتظامی کونسل نے محکمہ سٹیشنری اور آفس سپلائز کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس میں تعینات ایک سو ستر ملازمین کو دیگر محکموں میں منتقل کر دیا ہے۔
یہ محکمہ تمام سرکاری دفاتر کو سٹیشنری وغیرہ سپلائی کر رہا تھا، لیکن اب ایل جی منوج سنہا کی صدارت میں انتظامی کونسل نے یہ کہتے ہوئے اس محکمہ کو بند کر دیا کہ ’’تمام سرکاری محکمہ جات درکار سٹیشنری جیم ( GeM) پوٹل سے خریدتے ہیں لہذا اب اس محکمہ کی کوئی ضرورت ہی نہیں ہے۔‘‘
منوج سنہا کی صدارت میں انتظامی کونسل میں انکے مشیر راجیو رائے بھٹناگر، چیف سیکریٹری ارون کمار مہتا اور ایل جی کے پرنسپل سیکریٹری نتیشور کمار شامل تھے۔
لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس محکمہ کے جموں اور سرینگر میں دو بڑے ڈیپوز تھے جب کہ ۱۲؍ اضلاع میں سب ڈیپو تھے جن میں ۱۷۰ ملازمین تعینات تھے۔
ان ملازمین میں پانچ گزیٹڈ، ۱۱۳ نان گزیٹڈ افسران اور۵۲ نچلی درجے کے ملازمین کام انجام دے رہے تھے۔
جموں و کشمیر انتظامی کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ ان تمام ملازمین کو دیگر محکمہ جات میں تعینات کیا جائے گا۔ کونسل کا مزید کہنا ہے کہ آئی ٹی اور جیم پوٹل کی وجہ سے اب اس محکمے کی کوئی ضرورت نہیں پڑ رہی ہے۔