سرینگر//
کشمیر کے پہارٹی علاقوں میں تازہ برف باری کے ساتھ وادی کے میدانی علاقوں میں بھی دوران شب رواں سیزن کی پہلی برف باری ہوئی۔
وادی میں جمعرات کی صبح جب لوگ نیند سے جاگے تو زمین و اشجار اور رہائشی مکان و دیگر تعمیراتی ڈھانچے سفید لباس میں ملبوس تھے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کی صبح وسطی کشمیر کے سیاحتی مقام سونہ مرگ میں۱۰؍انچ برف جمع تھی جبکہ زوجیلا پاس پر ایک فٹ اور سنتھن ٹاپ اور سادھنا پاس اور زوجیلا پر بالترتیب۱۴؍انچ‘۱۳؍انچ اور ایک انچ برف جمع تھی۔
پیر کی گلی میں۱۰سے۱۲؍انچ، مارگن ٹاپ پر ایک انچ اور زیڈ گلی میں۱۱؍انچ برف جمع ہوئی تھی۔ٹنگ مرگ میں۳سے۴؍انچ، پہلگام میں۲؍انچ اور بالتل ہلگام میں۸ انچ برف جمع تھی ہے ۔
جنوبی کشمیر کے شوپیاں اور کولگام میں بالترتیب۴؍انچ اور۳؍انچ برف جمع ہوئی تھی جبکہ بارہمولہ پٹن میں۲؍انچ سوپور میں ۲سے۳؍انچ اور خانصاحب بڈگام میں۲سے۳؍انچ برف جمع ہوئی تھی۔سری نگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں بھی جمعرات کی صبح برف کی مہین چادر بچھ گئی تھی۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں۱۲دسمبر کو موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے تاہم دو ہر کے بعد موسم میں بتدریج بہتری واقع ہونے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ وادی میں۲۰دسمبر تک موسم میں بڑے پیمانے پر کسی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ وادی میں۱۳؍اور۱۴دسمبر کو موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے ۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں۱۵دسمبر کو موسم ابر آلود رہ سکتا ہے جبکہ ۱۶؍اور۱۷ دسمبر کو موسم خشک رہنے کا امکان ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ بعد ازاں وادی میں۱۸سے۲دسمبر تک موسم خشک رہنے کی توقع ہے ۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ وادی میں اگلے انچ دنوں کے دوران سرد اور خشک موسم رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ اہم گزرگاہوں اور اونچی جگہوں کی سڑکوں پر درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے اور برفانی حالات کے پیش نظر، سیاحوں/ مسافروں کو انتظامیہ کی طرف سے جاری ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے ۔
ادھر وادی میں مطلع ابر آلود رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں قدرے بہتری واقع ہوئی ہے جس سے لوگوں کو سردی کی شدت سے کسی حد تک راحت نصیب ہوئی۔
گرمائی دارلحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۶ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا دجرجہ حرارت منفی۰ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۲ء۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۰ء۶ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
ایک اور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۶ء۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۸ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت۵ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۵ء۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت۲ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۴ء۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔