سرینگر//
گزشتوں دنوں ہونے والی ٹارگیٹ ہلاکتوں کے باوصف میلہ کھیر بھوانی میں شرکت کرنے کیلئے عقیدت مندوں کی بڑی تعداد وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے تلہ مولہ علاقے میں وارد ہو رہی ہے ۔
بتادیں کہ وادی میں میلہ کھیر بھوانی بدھ کے روز دو برس کے وقفے کے بعد منایا جا رہا ہے ۔
دھرمارتھ ٹرسٹ کے منیجر بسنت راز دان نے یو این آئی کو بتایا کہ گذشتہ شام قریب۱۵سو کشمیری پنڈت تلہ مولہ پہنچ گئے اور یہاں پوجا کی۔انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ نے ان عقیدت مندوں کے شبانہ قیام وغیرہ کے لئے تمام تر انتظامات کئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سینکڑوں کی تعداد میں مزید یاتری یہاں آ رہے ہیں جو یہاں آج شام تک پہنچ جائیں گے اور یہاں پوجا اور روایتی بھجن میں حصہ لیں گے ۔
منیجر نے کہا کہ رات کے دوران کشمیر اور کشمیریت کی ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ کشمیریت آج بھی ہے پہلے بھی تھی اور مستقبل میں بھی زندہ رہے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ہم یہاں ایک گلدستے کی طرح رہتے تھے اور اسی طرح بھائی بہنوں کی طرح دوبارہ مل جل کر رہنا چاہتے ہیں ۔
راز دان نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں نے بھی یہاں سٹال لگائے ہیں اور یہاں عقیدت مندوں کیلئے پھول، دودھ وغیرہ بیچ رہے ہیں۔انہوں نے کہا’’یہاں کچھ شر پسند عناصر ماحول کو خراب کرنے کے در پے ہیں اور وہ ہمیشہ یہاں امن کو بگاڑنا چاہتے ہیں لیکن ہم مل کر ان کے عزائم کو ناکام بنائیں گے ‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ ایک گلستان میں تمام طرح کے پھول ہونے چاہئے تب وہ باغ زیادہ خوبصورت ہوتا ہے ۔
منیجر نے کہا کہ تمام عقیدت مندوں کو یہاں آکر اس میلے میں حصہ لینا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ نے یاتریوں کے تحفظ کے لئے تین سطحی سیکورٹی بندوبست کیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں یاتریوں کے آنے سے میلے میں چار چاند لگ جائیں گے ۔
قابل ذکر ہے کہ تولہ مولہ میں واقع کھیر بھوانی کشمیری پنڈتوں کی ایک مقدس جگہ ہے جہاں پر رگنیا دیوی جو ان کی ایک مقدس دیوی ہیں، کی مندر ہیں۔ کشمیری پنڈتوں کے مطابق رگنیا دیوی صرف کشمیر میں پوجی جاتی ہیں۔
اس مندر میں کشمیری پنڈت ’میلہ کھیر بھوانی‘کے نام سے مشہور تہوار ہر سال مناتے ہیں۔ میلہ کھیر بھوانی کو کشمیری پنڈتوں کا سب سے بڑا اور اہم تہوار مانا جاتا ہے ۔