سرینگر//
پولیس نے وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران۳منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے ۔
گرفتار شدگان کی شناخت اشفاق احمد پرے ولد علی محمد پرے ساکن ملہ پورہ بیروہ، عامر فاروق وانی ولد فاروق احمد وانی ساکن آرتھ بیروہ اورعرفان امین شیخ ولد محمد امین شیخ ساکن ڈونی وری چاڈورہ کے طور پر ہوئی ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن ماگام کی ایک پولیس پارٹی نے گورنمنٹ بائز ہائر سیکنڈری سکول ماگام کے نزدیک ایک ناکے کے دوران دو مشکوک افراد کو روکا جو نائلان کے بیگ اٹھائے ہوئے تھے ۔انہوں نے کہا کہ گرچہ پولیس کو دیکھتے ہی ان افراد نے جائے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم ان کو موقع پر ہی دھر لیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے۱۱گرام ہیرائن جیسا مواد اور ایک ڈیجیٹل وزن کرنے والی مشین کو بر آمد کیا گیا جس کے بعد دونوں کو گرفتار کیا گیا۔
گرفتار شدگان کی شناخت اشفاق احمد پرے ولد علی محمد پرے ساکن ملہ پورہ بیروہ اور عامر فاروق وانی ولد فاروق احمد وانی ساکن آرتھ بیروہ کے طور پر کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن ماگام میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اسی طرح کی ایک اور کارروائی کے دوران پولیس اسٹیشن چاڈرہ کی ایک ٹیم نے شیخ پورہ واتھورہ کراسنگ پر ایک ناکے کے دوران ایک مشکوک شخص جس نے ایک پالیسی تھین بیگ اٹھایا تھا، کو پکڑ لیا۔
ترجمان نے کہا’’تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے مکئی کی بھوسی میں لپٹی ہوئی تقریباً۲۳۰گرام وزنی چرس کی۷لاٹھیاں اور۱۱۰۰گرام نیم پیسی ہوئی پاؤڈر جیسا مواد بظاہر چرس برآمد کیا گیا جس کے بعد اس کو موقع پر ہی گرفتار کیا گیا‘‘۔
گرفتار شدہ کی شناخت عرفان امین شیخ ولد محمد امین شیخ ساکن ڈونی وری چاڈورہ کے طور پر ہوئی ہے ۔پولیس بیان میں کہا گیا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن چاڈورہ میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔