’حکومت نے کاریگروں کو ضروری بنیادی ڈھانچے، مالی امداد اور ہنر مندی کی تربیت کی ترقی پر کام کیا ہے‘
سرینگر//
لیفٹیننٹ گورنر ‘منوج سنہا نے آج ورچوئل موڈ کے ذریعے ’جموں و کشمیر ٹیکسٹائل سورسنگ فیئر۲۰۲۴‘ میں کلیدی خطاب کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے جموں کشمیر کی مالا مال ٹیکسٹائل روایات اور دستکاروں اور مقامی مینوفیکچررز کیلئے مارکیٹ تک رسائی اور برآمد کے بڑھتے ہوئے مواقع کے بارے میں بات کی۔
سنہا نے کہا’جموں کشمیر ٹیکسٹائل سورسنگ میلہ‘ اب ہندوستان اور بیرون ملک کے خریداروں کیلئے ایک اجتماع کا مقام ہے، اور ٹیکسٹائل صنعت کی ترقی میں قابل قدر حصہ ڈال رہا ہے اور مقامی کاریگروں، مینوفیکچررز اور کاروباری افراد کو فائدہ پہنچا رہا ہے۔
ایل جی نے کہا کہ جموں کشمیر میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی بحالی کا عمل جاری ہے۔ گزشتہ۵۰ ماہ کے دوران اس شعبے نے مرکز کے زیر انتظام علاقے کی ٹیکسٹائل کی شاندار روایات کا جشن مناتے ہوئے متاثر کن شرح نمو حاصل کی ہے اور ہم نئے اقدامات کے ساتھ بہت آگے بڑھنے کیلئے پرعزم ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ حکومت کی اصلاحات پر مبنی پالیسیاں اور پروگرام ، خاص طور پر ٹیکسٹائل کے شعبے میں ، کرافٹ انڈسٹری کو فروغ دینے کیلئے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔
سنہا نے کہا کہ جموںکشمیر کا منفرد ثقافتی اور فنکارانہ ورثہ عالمی سطح پر مسابقتی اور ہمیشہ باصلاحیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ حکومت نے کاریگروں کو ضروری بنیادی ڈھانچے، مالی امداد اور ہنر مندی کی تربیت کی ترقی پر بھی زور دیا ہے۔
ایل جی نے کہا کہ جموں کشمیر کی ٹیکسٹائل کی شاندار روایت ہندوستان کا فخر ہے۔’’ہماری ٹیکسٹائل مصنوعات کے پیچیدہ ڈیزائن، حیرت انگیز موضوعات اور لطیف رنگ واقعی انمول ہیں۔ہمارے کاریگروں نے دنیا کو دکھایا ہے کہ ہمارا فنکارانہ ورثہ نہ صرف بہترین ہے بلکہ تخلیقی صلاحیتوں کے میدان میں بھی پائیدار برتری کا حامل ہے‘‘۔
اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے قومی اور بین الاقوامی خریداروں پر زور دیا کہ وہ جموںکشمیر کی منفرد ٹیکسٹائل مصنوعات کو فروغ دینے اور جموں کشمیر کے باصلاحیت کاریگروں کی نئی منڈیوں تک رسائی کو یقینی بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔
سنہا نے کہا ’’ہمارے پاس مل کر کام کرنے کے بہت اچھے مواقع ہیں‘‘۔
لیفٹیننٹ گورنر نے خریداروں سے کہا کہ ہمیں اپنے تعاون کی روایت کو فروغ دینا چاہئے اور اپنی پیداواری شراکت داری کو ایک نئے سطح تک بڑھانا چاہئے۔
ایس کے یو اے ایس ٹی کشمیر میں محکمہ صنعت و تجارت، جموں و کشمیر ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن اور ہینڈلوم ایکسپورٹ پروموشن کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ میلے میں قومی اور بین الاقوامی خریداروں، برآمد کنندگان اور درآمد کنندگان نے شرکت کی۔ اس نے بی ٹو بی میٹنگز، نمائشوں اور ورکشاپس کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا، جس سے شرکاء کو قومی اور بین الاقوامی خریداروں سے رابطہ قائم کرنے، مارکیٹ کے رجحانات کے بارے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپ ڈیٹ کرنے اور مطلوبہ مہارتوں کو بڑھانے کے قابل بنایا گیا۔