نئی دہلی//
مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات، ریلوے اور الیکٹرانکس و آئی ٹی اشونی ویشنو نے چہارشنبہ کے روز سوشل میڈیا اور او ٹی ٹی پلیٹ فارمز سے متعلق موجودہ قوانین کو مضبوط بنانے کی فوری ضرورت پر روشنی ڈالی۔
مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات نے آج لوک سبھا کے جاری اجلاس کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سوشل میڈیا اور دیگر او ٹی ٹی پلیٹ فارموں سے متعلق موجودہ قوانین کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موضوع پر بات کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا’’ہم سوشل میڈیا اور او ٹی ٹی پلیٹ فارم کے دور میں رہ رہے ہیں۔ تاہم، جمہوری ادارے اور پریس کی روایتی شکلیں جو کبھی احتساب اور مواد کی درستگی کو یقینی بنانے کیلئے ادارتی جانچ پر انحصار کرتی تھیں، نے وقت کے ساتھ ساتھ ان چیکوں کو کم ہوتے دیکھا ہے‘‘۔
ویشنو نے کہا کہ اس طرح کی ادارتی نگرانی کی عدم موجودگی کی وجہ سے سوشل میڈیا ایک طرف آزادی صحافت کا پلیٹ فارم بن گیا ہے تو دوسری طرف یہ بے قابو اظہار کی جگہ بھی بن گیا ہے جس میں اکثر فحش مواد بھی شامل ہوتا ہے۔
ہندوستان اور جغرافیائی علاقوں کے درمیان مختلف ثقافتی اختلافات ‘جہاں یہ پلیٹ فارم پیدا ہوئے تھے ‘کو تسلیم کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے زور دے کر کہا’’ہندوستان کی ثقافتی حساسیت ان خطوں سے بہت مختلف ہے جہاں یہ پلیٹ فارم بنائے گئے تھے۔ اس سے ہندوستان کے لئے موجودہ قوانین کو مزید سخت بنانا ضروری ہوجاتا ہے اور ہر ایک پر زور دیا جاتا ہے کہ وہ اس معاملے پر اتفاق رائے پر آئیں‘‘۔
مرکزی وزیر نے پارلیامانی اسٹینڈنگ کمیٹی پر بھی زور دیا کہ وہ اس اہم معاملے کو ترجیح کے طور پر لے۔ انہوں نے کہا’’اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے سخت قوانین کے ساتھ ساتھ اس پر معاشرتی اتفاق رائے ہونا چاہئے۔‘‘