سرینگر//
جنوبی ضلع اننت ناگ کے لارنو گاورن میں منگل کی شام آگ کی ایک ہولناک واردات میں دس دکانیں خاکستر ہوئی ہیں۔فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق کوکر ناگ کے دور افتادہ علاقے لارنو گاورن میں منگل کی شام دکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے اپنے متصل مزید کئی دکانوں کواپنی لپیٹ میں لے لیا۔معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گر چہ آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں دس دکانوں کو نقصان پہنچا ہے ۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ کوکر ناگ کے لارنو گاورن میں شام ۶بجکر۲۷منٹ پر کئی دکانوں سے آگ کے شعلے بلند ہونے کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے ۔
عہدیدار نے کہاکہ فائر عملے کی انتھک کوششوں کے نتیجے میں آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں دس دکانوں کو نقصان پہنچا ہے ۔ان کے مطابق آگ کی وجوہات جاننے کی خاطر پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے ۔