جموں/۲۲نومبر
جل شکتی کے وزیر جاوید رانا کا کہنا ہے کہ جموں کشمیر کی ریزرویشن پالیسی کا جائزہ لینے کے لیے کابینہ کی ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی جائے گی اور تمام متعلقین کے ساتھ بات چیت کی جائے گی۔
رانا نے کہا کہ کابینہ نے اسمبلی میں لیفٹیننٹ گورنر کے خطاب کو بھی منظوری دی ہے ۔
وزیر نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کو یہاں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں منعقدہ کابینہ کی میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
ریزرویشن پالیسی کے متعلق آغا روح اللہ کے بیان کے بارے میں پوچھے جانے پروزیر نے کہا”اس ضمن میں کابینہ کی ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو تمام متعلقین کے ساتھ بات کرے گی اور جو بھی عوام کے مفاد میں ہوگا وہ کیا جائے گا“۔
رانا نے کہا”ایل جی کے خطاب پر بات چیت ہوئی اور اس خطاب کو منظوری دی گئی“۔
ان کا کہنا تھا”بے روزگاری جو ایک معاملہ ہے ، کو دور کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ نے تمام وزرا کو ہدایات دیں کہ وہ اس ضمن میں اپنے اپنے محکموں میں کام شروع کریں“۔
رانا نے کہا کہ آنے والے دو مہینوں میں جو چیزیں ہمارے الیکشن منشور میں تھیں، کو سامنے لایا جائے گا اور ان کو عملی شکل دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارا الیکشن منشوراب ایک گورنمنٹ دستاویز بن گیا ہے ۔
مختلف مضامین کے لئے ریفر کئے گئے لیکچررز پوسٹوں کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا”کابینی میٹنگ میں الگ الگ مضامین کے متعلق بات نہیں ہوئی البتہ ایس ایس بی اور جے کے پی ایس سی کو ریفر کئے جانے والے پوسٹوں کے بارے میں بات ہوئی“۔انہوں نے کہا کہ ایک ٹائم فریم میں ان پوسٹوں کو مشتہر کرنے کے لئے کوشش کی جائے گی۔
رانا نے کہا کہ میٹنگ میں ڈیلی ویجروں اورعمر کی حد میں رعایت دینے کے بارے میں بھی بات چیت ہوئی۔