جموں//
امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کے وزیر ستیش شرما نے منگل کو کہا کہ جنوری کے مہینے میں ڈبل راشن کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
شرما نے کہاکہ رہبر کھیل کے حوالے سے بھی سرکار کی جانب سے پالیسی مرتب ہو رہی ہے۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
شرما نے کہاکہ مختلف محکموں میں خالی پڑی اسامیوں کو وقت مقررہ کے اندر اندر پر کرنے کی خاطر سرکار اقدامات اٹھار ہی ہے۔
یوتھ سروس کے وزیر نے کہاکہ گزشتہ گیارہ سال کی خامیوں کو دور کرنے کی خاطر سرکار زمینی سطح پر کام کر رہی ہے اور ایک ماہ کے اندراندر ہی موجودہ سرکار نے بڑے فیصلے لئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے لوگوں سے جو وعدئے کئے ہیں انہیں ہر حال میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔
ڈبل راشن کی فراہمی کو لے کر جب وزیر موصوف سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہاکہ جہاں جہاں ضرورت پڑے گی وہاں پر جنوری مہینے تک اضافی چاول کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
نامہ نگاروں کی جانب سے پوچھے گئے ایک اور سوال کے جواب میں یوتھ سروس اینڈ سپورٹس کے وزیر نے کہاکہ جہاں تک رہبر کھیل کا تعلق ہے تو اس حوالے سے سرکار کی جانب سے پالیسی ترتیب دی جارہی ہے۔
اس دوران جل شکتی کے وزیر جاوید رانا نے منگل کے روز کہاکہ موجودہ سرکار لوگوں کے مسائل حل کرنے کی خاطر کوشاں ہے۔انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس کی قیادت والی سرکار نے ایک ماہ کے اندرا ندر ہی بڑے فیصلے لئے۔
ان باتوں کا اظہار وزیر نے راجوری میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
رانا نے کہاکہ نیشنل کانفرنس نے الیکشن منشور میں لوگوں سے جتنے بھی وعدئے کئے انہیں پورا کیا جائے گا اور اس حوالے سے ہم اپنے وعدے پر کاربند ہے۔
وزیر کے مطابق ایک ماہ کے اندر اندر موجودہ سرکار نے بڑے فیصلے لئے اور آنے والے دنوں کے دوران بھی حکومت کی جانب سے بڑے فیصلے لئے جارہے ہیں۔
ان کے مطابق عمر عبداللہ اور ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی قیادت میں نیشنل کانفرنس لوگوں کے مسائل حل کرنے پر توجہ مبذول کر رہی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ جموں وکشمیر کی تاریخ میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا کہ خط پیر پنچال کو نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر دیا گیا۔جل شکتی کے وزیر جاوید رانا نے کہاکہ لوگوں کے مسائل ان کی دہلیزوں پر حل کرنے کی خاطر موجودہ سرکار کوشاں ہے۔