غازی پور//
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو کہا کہ جموں کشمیر میں آرٹیکل۳۷۰ کو بحال کرنے پر ہونے والی بات چیت ’غیر متعلقہ‘ ہے کیونکہ سپریم کورٹ نے اس کی منسوخی کو آئینی قرار دیا ہے۔
دفعہ ۳۷۰ کی منسوخی کے بعد کے منظر نامے کے بارے میں بات کرتے ہوئے سنہا نے کہا’’جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات پرامن طریقے سے منعقد ہوئے، جس میں قومی اور بین الاقوامی دونوں برادریوں نے شرکت کی۔ ایک جمہوری حکومت نے وہاں حلف لیا ہے اور مجھے یقین ہے کہ یہ خطے کی مجموعی ترقی کے لئے کام کرے گی‘‘۔
سنہا نے مزید کہا’’ملک کی سپریم کورٹ نے اس منسوخی کے اقدام کو آئینی قرار دیا ہے، جس سے اس شق کو بحال کرنے کے بارے میں کسی بھی بات چیت کو غیر متعلقہ بنا دیا گیا ہے‘‘۔
ملک کی ترقی پر روشنی ڈالتے ہوئے سنہا نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ہندوستان نے زبردست ترقی دیکھی ہے ، خاص طور پر ریلوے کے شعبے میں۔’’اس سے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں اور نقل و حمل کی سہولیات میں بہتری آئی ہے ، جس نے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔‘‘