سرینگر/۱۸نومبر
محکمہ موسمیات نے پیر کے روز کہا کہ جموں کشمیر میں 23نومبر تک موسم خشک رہے گا اور اس کے بعد ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
جموں کشمیر میں 18 سے 23 نومبر کی شام تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ 23 نومبر کی دیر رات سے 24 نومبر کی سہ پہر کے دوران کشمیر ڈویڑن اور جموں ڈویڑن کے دور دراز علاقوں میں ہلکی بارش اور بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ 25 سے 30 نومبر تک عام طور پر موسم خشک رہے گا۔
اس دوران حالیہ برف وباراں کے بعد درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ ہونے کے باعث وادی کشمیر کو شدید سردی نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔
عہدیدار کے مطابق وادی کشمیر میں آنے والے دنوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت میں 1 سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ کی گراوٹ ریکارڈ ہو سکتی ہے ۔
ادھر وادی کے سیاحتی مقامات گلمرگ ، سونہ مرگ اور پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ریکارڈ ہوا ہے ۔
گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3. 0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ سونہ مرگ میں منفی3.9 ڈگری سینٹی گریڈ اور پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت2.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں سیاحوں، ٹریکرز اور مسافروں سے موسمی صورتحال کے مطابق اپنے سفر کا منصوبہ کرنے کی صلاح دی ہے ۔
اگرچہ وادی میں موسم خشک ہے اور دن کے دوران نحیف دھوپ بھی کھلی رہتی ہے تاہم دوران شب شدید سردی لوگوں کو گرمی کے لئے استعمال کئے جانے والے روایتی کانگڑی اور الیکٹرانک آلات استعمال کرنے پر مجبور کرتی ہیں۔