نئی دہلی//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ منگل کو یہاں نیشنل ٹرائبل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (این ٹی آر آئی) کا افتتاح کریں گے۔
اس تقریب کا اہتمام قبائلی امور کی وزارت آزادی کے امرت مہوتسو کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر کررہی ہے۔
این ٹی آر آئی قومی سطح کا ایک اہم ادارہ ہو گا جو قبائلی برادری سے متعلق تعلیمی، انتظامی اور قانون سازی کے شعبوں میں مرکزی مرکز کے طور پر کام کرے گا۔ یہ ملک کے ممتاز تحقیقی اداروں، یونیورسٹیوں، تنظیموں کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں اور وسائل کے مراکز کے ساتھ بھی تعاون اور کوآرڈی نیشن کرے گا۔ یہ ٹرائبل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (ٹی آر آئی)، سینٹرز آف ایکسیلنس (سی او ای)، این ایف ایس کے ریسرچ اسکالرز کے پروجیکٹوں کی بھی نگرانی کرے گا اور تحقیق اور تربیت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے معیارات مرتب کرے گا۔ اس کی سرگرمیوں میں قبائلی امور کی وزارت کے ساتھ ساتھ ریاستی بہبود کے محکموں کو پالیسی سپورٹ فراہم کرنا، قبائلی طرز زندگی کے سماجی و اقتصادی پہلوؤں میں بہتری یا مدد فراہم کرنے والے مطالعات اور پروگراموں کی تیاری بھی شامل ہوگی۔
قبائلی امور کے وزیر ارجن منڈا، قانون و انصاف کے وزیر کرن رجیجو، قبائلی امور کی ریاستی وزیر رینوکا سنگھ سروتا، بشویشور ٹوڈو، اقلیتی امور کے وزیر مملکت جان برلا اور دیہی ترقی اور اسٹیل کے وزیر مملکت فگن سنگھ کلستے اور دیگر معززین بھی اس موقع پر موجود رہیں گے۔ قبائلی امور کی وزارت کی کامیابیوں کو پیش کرنے والی ایک نمائش بھی لگائی جائے گی۔ پورے ملک سے 100 سے زائد قبائلی دستکار اور رقص کے فنکار اپنی دیسی مصنوعات اور فنون کی نمائش کریں گے۔