نئی دہلی/۷نومبر
مرکزی وزیر‘ داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ حکومت جلد ہی ملک میں دہشت گردی اور دہشت گرد نیٹ ورکس سے لڑنے کے لئے ایک مضبوط انسداد دہشت گردی ماحولیاتی نظام تشکیل دینے کے لئے ایک قومی انسداد دہشت گردی منصوبہ اور حکمت عملی لے کر آئے گی۔
شاہ نے تمام ریاستوں پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں متحد ہوں اور پولیس فورسز کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس کریں اور ڈیٹا کے ذریعے دہشت گردی کا مضبوطی سے مقابلہ کریں۔
جمعرات کو یہاں نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے ) کے زیر اہتمام دو روزہ انسداد دہشت گردی کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ حکومت جلد ہی دہشت گردی سے لڑنے کے اگلے قدم کے طور پر ایک قومی انسداد دہشت گردی منصوبہ اور حکمت عملی لے کر آرہی ہے ۔
وزیر داخلہ نے کہا”دہشت گردی اور دہشت گردی کے نظام سے لڑنے کےلئے وزارت داخلہ نے جو پروایکٹوایپروچ بنایا ہے اس میں ہم ایک اگلا قدم لے کر آرہے ہیں۔ کچھ مہینوں میں ہم نیشنل کا¶نٹر ٹیرورزم پالیسی اینڈ اسٹریٹجی لے کر آئیں گے جس میں آپ سب کا کردار حکمت عملی کی دستاویز تیار کرنا ہوگا“۔
شاہ نے کہا کہ پولیس ریاستوں کا موضوع ہے تو لڑنا تو ریاستوں کوہی پڑے گا، لیکن مرکز ان کی ہر ممکن مدد کرنے کے لیے تیار ہے ۔
ریاستوں میں پولیس کے ذریعہ ٹیکنالوجی کے زیادہ سے زیادہ استعمال اور تربیت پر زور دیتے ہوئے شاہ نے کہا”جب تک ہم اپنی پوری فورس کو ٹیکنالوجی کے استعمال میں ٹریننگ نہیں دیں گے ، ہم دہشت گردی کے خلاف نہیں لڑسکتے ۔ “