سرینگر//
جموںکشمیر اسمبلی کے نو منتخب ا سپیکر عبدالرحیم راتھر نے منگل کے روز کہاکہ کئی ممبران اجلاس کے دوران اپنے موبائیل فون کا استعمال کر رہے ہیں جو ایوان کے تقدس کے خلاف ہے ۔
راتھر نے اسمبلی اجلاس کے دوران موبائل فون سوئچ آف رکھنے کے احکامات صادر کئے ۔
اسپیکر کا یہ حکم اس وقت آیا جب کچھ ممبران اسمبلی کو سیشن کے دوسرے دن اپنے موبائیل فون سے ایوان کی کارروائی کو فلماتے ہوئے دیکھا گیا۔
راتھر نے کہا’’کچھ ممبران کو ویڈیو گرافی کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے لہذا ممبران سے گزارش ہے کہ وہ ایوان کی کارروائی کے دوران اپنے موبائیل فون بند رکھیں‘‘۔
سپیکر نے ممبران سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ میں آپ سے تعاون کرنے کی درخواست کرتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ خلاف ورزی کے مرتکب ممبران کے خلاف کارروائی بھی عمل میں لائی جاسکتی ہے ۔
دریں اثنا سپیکر عبدالرحیم راتھر نے منگل کو قانون ساز اسمبلی کے دوسرے دن تین ارکان اسمبلی کو بطور پینل آف چیئرمین نامزد کیا۔
اسمبلی سیشن کے دوسرے دن کے آغاز میں ہی اسپیکر نے قانون ساز اسمبلی کے لئے بطور پینل آف چیئرمین تین ارکان اسمبلی کو نامزد کیا۔
جن ارکان اسمبلی کو پینل آف چیئرمین منتخب کیا گیا ان میں نیشنل کانفرنس کے مبارک گل، سی پی آئی (ایم) کے محمد یوسف تاریگامی اور سرجیت سنگھ سلاتھیہ شامل ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر اسمبلی کا پہلا سیشن پیر کے روز شروع ہوا۔پانچ دنوں پر محیط یہ سیشن ۸نومبر کو اختتام پذیر ہوگا۔