سرینگر//
ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ساوتھ کشمیر رینج‘جاوید اقبال متو کا کہنا ہے کہ کوکر ناگ کے ہالکن گلی لارنو میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں دو مقامی ملی ٹینٹ مارے گئے ہیں۔
ڈی آئی جی نے کہاکہ ہلاک شدگان میں سے ایک نے سال ۲۰۱۸میں ملی ٹینٹ صفوں میں شمولیت اختیار کی تھی۔
ڈی آئی جی جنوبی کشمیر جاوید اقبال متو نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ہفتے کی صبح اننت ناگ کے ہالکن گلی لارنو میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے تلاشی آپریشن شروع کیا۔
متو نے کہاکہ سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا جس دوران دو مقامی ملی ٹینٹ مارے گئے ۔
ڈی آئی جی نے مہلوکین کی شناخت زاہد رشید ساکن حسن پورہ بجبہاڑہ اور ارباز میر ساکن کیموہ کے بطور کی ۔انہوں نے بتایا کہ زاہد رشید نے سال ۲۰۲۴کے اپریل مہینے میں غیر مقامی مزدور پر فائرنگ کی جس کے بعد اُس نے ملی ٹینٹ صفوں میں شمولیت اختیار کی۔
ڈی آئی جی کے مطابق ارباز نامی مہلوک دہشت گرد سال۲۰۱۸سے سرگرم تھا ۔۸؍اکتوبر ۲۰۲۴کو اُس نے ہلال احمد نامی ٹریٹوریل آرمی کے رائفل مین کا قتل کیا ۔
پولیس آفیسر کے مطابق مہلوک دہشت گرد سیکورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور انہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں پیش پیش تھے ۔انہوں نے کہاکہ تصادم کے دوران سیکورٹی فورسز کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔