سرینگر/21 اکتوبر
جموں کشمیر اسمبلی کے نومنتخب ارکان کو پیر کے روز پروٹیم اسپیکر مبارک گل نے حلف دلایا جبکہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کشمیری زبان میں حلف لیا۔
54 سالہ قائد ایوان حلف لینے والے پہلے ایم ایل اے تھے۔
فاروق عبداللہ کے بیٹے عمر عبداللہ اور ان کی برطانوی اہلیہ مولی عبداللہ کو اکثر اپنی مادری زبان نہ بولنے کی وجہ سے تنقید کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
عمرعبداللہ خاندان سے تعلق رکھنے والے تیسری نسل کے سیاست داں انگریزی زبان پر عبور رکھتے ہیں لیکن 1990 کی دہائی کے اواخر میں اپنے سیاسی کیریئر کے آغاز میں ہندی، اردو اور کشمیری جیسی مقامی زبانوں میں ان کی روانی بہت کم تھی۔
حالانکہ، 2009 سے 2014 تک وزیر اعلی ٰ کے طور پر اپنی پہلی مدت کے دوران عمر عبداللہ نے ان تینوں زبانوں میں اپنی بولنے کی مہارت کو بہتر بنانے کے لئے سبق سیکھا۔ اور سوموار کو انہوں نے کشمیری زبان میں ایم ایل اے کی حیثیت سے حلف لیا۔
ڈپٹی چیف منسٹر سریندر کمار چودھری نے انگریزی میں حلف لیا۔
اراکین اسمبلی کی حلف برداری کی تقریب چھ سال سے جاری قانون سازی کے وقفے کے خاتمے کی علامت ہے۔
کشتواڑ سے بی جے پی ایم ایل اے شگن پریہار سمیت پہلی بار 51 ارکان منتخب ہوئے ہیں، جو 29 سال کی عمر میں سب سے کم عمر رکن ہیں۔ نیشنل کانفرنس کے تجربہ کار اور چرار شریف سے ایم ایل اے عبدالرحیم راتھر 80 سال کی عمر میں سب سے عمر رسیدہ ہیں۔
راتھر اور پارٹی کے ساتھی علی محمد ساگر (ایم ایل اے خانیار) ریکارڈ سات بار اسمبلی کے لئے منتخب ہوئے ہیں۔
ساگر 1983 سے قانون ساز اسمبلی کے رکن ہیں جبکہ راتھر نے 1977 میں رکن اسمبلی کے طور پر اپنی طویل مدت کا آغاز کیا تھا۔ تاہم سابق وزیر خزانہ 2014 کے اسمبلی انتخابات ہار گئے تھے۔
ستمبر اور اکتوبر میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس سب سے بڑی پارٹی کے طور پر ابھری۔
جموں و کشمیر کی سب سے پرانی سیاسی جماعت نے کانگریس کی بیرونی حمایت سے حکومت تشکیل دی ہے جس کے چھ ایم ایل اے ہیں۔
پانچ آزاد ایم ایل اے، عام آدمی پارٹی کا ایک ایم ایل اے اور سی پی آئی (ایم) نے بھی اپنی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
29 سیٹوں کے ساتھ بی جے پی دوسری سب سے بڑی پارٹی ہے جو جموں و کشمیر میں اس کی اب تک کی بہترین کارکردگی ہے۔ (ایجنسیاں)