سری نگر//
کشمیر میں ٹارگیٹ کلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے بیچ مرکزی وزارت داخلہ نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے رپورٹ طلب کی ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ پچھلے۴۸گھنٹوں کے دوران جنوبی ضلع کولگام میں ٹارگیٹ کلنگ کے دو واقعات رونما ہونے کا مرکزی حکومت نے سخت نوٹس لیا ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکزی وزارت داخلہ نے جموں وکشمیر کی سرکار کو فوری طورپر رپورٹ پیش کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر کو فوری طورپر نئی دہلی طلب کیا گیا ۔
ذرائع نے بتایا کہ جمعے کے روز نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہونے جارہی ہے جس میں ایل جی منوج سنہا، پولیس سربراہ دلباغ سنگھ اور دوسرے سینئر آفیسران شرکت کر رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں ٹارگیٹ کلنگ کے واقعات پر روک لگانے کی خاطر میٹنگ کے دوران اہم فیصلے لئے جانے کا امکان ہے ۔
باوثوق ذرائع کے مطابق مرکزی حکومت جموں وکشمیر میں ٹارگیٹ کلنگ میں ملوث ملی ٹینٹ تنظیموں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاون شروع کرنے پر بھی غور کر رہی ہیں۔