سرینگر/۱۱اکتوبر
سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ جموں و کشمیر میں حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کرنے کے لیے آج شام لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کریں گے۔
ذرائع نے خبر رساں ایجنسی کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) کو بتایا کہ توقع ہے کہ عمر عبداللہ آج شام ایل جی سے ملاقات کریں گے اور حکومت کی تشکیل کے لئے نیشنل کانفرنس ، کانگریس اور آزاد امیدواروں کی حمایت کے خطوط پیش کریں گے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کی حلف برداری کی تقریب پیر کو ہونے کا امکان ہے۔
اس سے پہلے جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ نے جمعہ کو کہا کہ پارٹی مرکز کے زیر انتظام علاقے میں حکومت بنانے کے لئے آج شام تک نیشنل کانفرنس کو حمایت کا خط دےا۔
قرہ نے یہ بھی کہا کہ فی الحال ان کا کوئی مطالبہ نہیں ہے اور حکومت بننے کے بعد وہ اپنے مطالبات پیش کریں گے۔انہوں نے کہا”ہم نے اپنی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ ختم ہونے کے بعد آج شام نیشنل کانفرنس کو حمایت کا خط دیا“۔
قبل ازیں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا کہ وہ کانگریس سے حمایت کے خط کا انتظار کر رہے ہیں جس کے بعد وہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے مل کر حکومت کی تشکیل کا دعویٰ پیش کریں گے۔
نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات لڑنے کے لئے قبل از انتخاب اتحاد کیا تھا۔ نیشنل کانفرنس نے 42، کانگریس نے 6، جبکہ آزاد امیدواروں کے طور پر انتخابات جیتنے والے چار ارکان نے نیشنل کانفرنس کی حمایت کی۔