سرینگر/۸اکتوبر
نیشنل کانفرنس (این سی) کے سربراہ ‘فاروق عبداللہ نے منگل کو کہا کہ عمر عبداللہ جموں و کشمیر کے اگلے وزیر اعلی ہوں گے۔
فاروق نے کہا کہ عوام نے اپنا مینڈیٹ دیا ہے، انہوں نے ثابت کیا ہے کہ وہ 5 اگست کو لئے گئے فیصلے کو قبول نہیں کرتے ہیں۔ عمر عبداللہ وزیر اعلیٰ ہوں گے۔
عمر عبداللہ نے بڈگام سیٹ پر پی ڈی پی کے آغا سید منتظر مہدی کو 18 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔
اس سے پہلے عمر عبداللہ نے جیت کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کا جو بھی منڈیٹ ہوگا اس کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں ہونی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں نے جو فیصلہ کیا ہوگا وہ آج دوپہر تک سامنے آئے گا۔
سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں میڈیا کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ”ہمیں جیت کی ہی امید ہے باقی سب اللہ تعالیٰ تک ہے جموں وکشمیر کے لوگوں نے جو فیصلہ کیا ہوگا وہ آج دوپہر تک سامنے آئے گا“۔
انتخابات میں شفافیت ہونے کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا”شفافیت ہونی چاہئے اس کے بغیر جمہوریت میں فائدہ ہی کیا ہے “۔
عمر عبداللہ نے کہا”جو بھی ہوگا وہ شفافیت کے ساتھ ہونا چاہئے ، لوگوں کے منڈیٹ کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں ہونی چاہئے اگر لوگوں کا منڈیٹ بی جے پی کے خلاف ہوگا تو ان کو اس کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کرنی چاہئے “۔
این سی نائب صدر نے کہا”جس طرح ہم نے پارلیمنٹ الیکشن کے دوران لوگوں کے منڈیٹ کو تسلیم کیا اسی طرح جو بھی لوگوں کا فیصلہ آئے گا اس کو تسلیم کیا جانا چاہئے “۔
الائنس کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا”ہم نے الائنس الیکشن میں کامیابی کے لئے کیا ہے انشاللہ ہم کامیاب ہوں گے ۔“
اس دوران نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر تنویر صادق کا کہنا ہے کہ ان کی جیت جموں وکشمیر کے لوگوں کی جیت ہے ۔
صادق نے کہا کہ جو ٹرنڈز آرہے ہیں انشاللہ نیشنل کانفرنس اپنے دم پر حکومت بنائے گی۔
این سی لیڈر نے ان باتوں کا اظہار منگل کوزڈی بل نشست پر جیت درج کرنے کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
صادق نے کہا”یہ جیت جموں وکشمیر کے لوگوں کی جیت ہے جنہوں نے نیشنل کانفرنس کو ووٹ دیا“۔ان کا کہنا تھا”جس طرح کے ٹرنڈز آ رہے ہیں تو انشاللہ نیشنل کانفرنس اپنے دم پر حکومت بنائے گی“۔انہوں نے کہا کہ کشمیر سے بھی جموں خطے سے بھی اچھے ٹرنڈز آ رہے ہیں۔
انہوں نے نیشنل کانفرنس کو ووٹ دینے پر لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔