نئی دہلی/ 6 اکتوبر
وندے بھارت ایکسپریس ٹرینوں کے آغاز نے ہندوستان میں ریل سفر میں انقلاب برپا کر دیا ہے اور اس کا اگلا ارتقا، وندے سلیپر، جنوری 2025 میں شروع ہونے والا ہے۔
بی ای ایم ایل کے ذریعہ تیار کردہ ، ونڈے سلیپر کو طویل فاصلے اور رات کے سفر کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس جدید ٹرین کا پروٹو ٹائپ ستمبر 2024 میں وزیر ریلوے اشونی ویشنو نے پیش کیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے نیوز ایجنسی این وی آئی نے بتایا کہ ہندوستانی ریلوے نئی دہلی – سرینگر روٹ کے لئے وندے بھارت سلیپر ٹرین شروع کرنے کے لئے تیار ہے۔ ریلوے کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ یہ سروس قومی راجدھانی اور جموں و کشمیر کی راجدھانی‘سرینگر کے درمیان رابطے کو بڑھائے گی اور مستقبل میں اس روٹ کو بارہمولہ تک بڑھانے کا منصوبہ ہے۔
نئی دہلی-سرینگر وندے بھارت سلیپر ٹرین 13 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں 800 کلومیٹر سے زیادہ کا فاصلہ طے کرے گی۔ توقع ہے کہ یہ ٹرین نئی دہلی سے شام سات بجے روانہ ہوگی اور صبح آٹھ بجے سرینگر پہنچے گی۔ راستے میں یہ ٹرین انبالہ کینٹ جنکشن، لدھیانہ جنکشن، کٹھوعہ، جموں توی، شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا، سنگلدن اور بنیہال سمیت صرف چند بڑے اسٹیشنوں پر رکے گی۔