نئی دہلی//
ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک نے کہا کہ وہ اور لداخ کے دیگر مظاہرین ہفتہ سے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے کیونکہ انہیں صدر جمہوریہ ، وزیر اعظم یا مرکزی وزیر داخلہ سے ملاقات کے ان کے مطالبے پر حکومت کی طرف سے کوئی جواب نہیں ملا ہے۔
وانگچک ’دہلی چلو پدیاترا‘ کی قیادت کر رہے تھے، جس کا آغاز ایک ماہ قبل لیہہ سے ہوا تھا۔
لیہہ اپیکس باڈی کی جانب سے’پد یاترا‘کا اہتمام کیا گیا تھا، جو کرگل ڈیموکریٹک الائنس کے ساتھ مل کر لداخ کو ریاست کا درجہ دینے اور اسے آئین کے چھٹے شیڈول میں شامل کرنے کے لیے گزشتہ چار سالوں سے تحریک چلا رہی ہے۔
یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ماحولیاتی کارکن نے کہا کہ انہوں نے صدر، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے دفتر کو خط لکھ کر ملاقات کا وقت مانگا ہے اور انہیں یقین دلایا گیا ہے کہ انہیں جمعہ کی شام پانچ بجے تک ملاقات کے بارے میں مطلع کر دیا جائے گا۔
ماحولیاتی کارکن نے کہا ہے جمعہ کی شام تک کوئی جواب نہیں آیا اس لئے وہ ہفتہ سے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کریں گے ۔