سرینگر/ /
جموںکشمیر اپنی پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر غلام حسن میر کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگ گورنر راج سے مطمئن نہیں ہیں۔
میر نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ لوگ اپنی منتخب سرکار چاہتے ہیں۔
سابق وزیر نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز شمالی کشمیر کے ٹنگمرگ میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
میر نے کہا’’ریاستی سطح پر لوگ گورنر رول سے مطمئن نہیں ہیں ۔وہ اپنے نمائندے اور اپنی سرکار چاہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ ووٹنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں‘‘۔
اپنی پارٹی کے نائب صدر کا کہنا تھا’’جب تک میں ٹنگمرگ حلقے کا ایم ایل اے تھا تب تک یہاں ہر طرف ترقی تھی لیکن گذشتہ دس برسوں سے یہاں ترقی رک گئی ہے یہی وجہ ہے کہ یہاں کا نعرہ ’ٹنگمرگ کی مجبوری ہے میر صاحب ضروری ہے ‘ہے ‘‘۔
میر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ نے ریاستی درجے کی بحالی کا وعدہ کیا ہے وہ وعدہ انتخابات کے بعد پورا ہونا چاہئے ۔
اپنی پارٹی کے نائب صدر نے کہا’’یونین ٹریٹری میں ایک منتخب سرکار اتنے اختیارات نہیں ہوتے ہیں جتنے ریاست میں ہوتے ہیں یہاں کے لوگ چاہتے ہیں کہ ایک با اختیار سرکار بن جائے ۔‘‘