سرینگر//
وادی کشمیر میں برف وباراں کے مختصر مرحلے کے بعد موسم بتدریج بہتر ہو رہا ہے اور اس دوران کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے کھیت کھلیانوں میں فصل کٹائی اور دیگر کام دوبارہ شروع کر سکتے ہیں۔
موسمیات محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں ۲۸ستمبر کو موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم بعد دوپہر کہیں کہیں ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں۲۹؍ستمبر سے۶؍اکتوبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے ۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کسانوں سے سے کہا ہے کہ وہ اپنے کھیت کھلیانوں میں فصل کٹائی اور دیگر کام دوبارہ شروع کر سکتے ہیں۔
دریں اثنا ناساز گار موسمی صورتحال کے باوجود وادی میں گلمرگ کو چھوڑ کر شبانہ درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ ہوا ہے ۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت۸ء۱۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جو معمول سے ۰ء۴ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
سیاحتی مقام گلمرگ جہاں کے افروٹ علاقے میں گذشتہ روز سیزن کی پہلی برف باری ہوئی، میں کم سے کم درجہ حرارت۸ء۶ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۱ء۰ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
ایک اور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت۷ء۹ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے ۱ء۴ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت۰ء۱۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے ۴ء۴ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت۸ء۱۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۵ء۲ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔