ہم … ہم کشمیر بڑے جذباتی ہیں… بڑے ہی جذباتی‘ اس لئے لوگ ‘جن میں ہمارے اپنے لوگ بھی شامل ہیں ہمارے ان جذبات سے کھیلتے ہیں … اور اس لئے کھیلتے ہیں کیونکہ وہ بھی اچھی طرح جانتے ہیں کہ کشمیری بہ حیثیت ایک قوم بڑی جذباتی ہے…ہم سنجیدہ معاملات کے فیصلے بھی جذبات میں لیتے ہیں… اس لئے ہمارے فیصلے بھی بڑے جذباتی ہوتے ہیں… اور جب ہمیں ان جذباتی فیصلے سے نقصان ہوتا ہے تو… تو اس وقت بھی ہم بڑے جذباتی ہو جاتے ہیں … اور جذبات کی رو میں بہہ کر ہم آئندہ کوئی جذباتی فیصلہ نہ لینے کا عہد کرتے ہیں… جذباتی فیصلہ ۔ لیکن چونکہ ہمارا یہ فیصلہ… جذبات میں کوئی فیصلہ نہ لینے کا فیصلہ بھی جذباتی ہو تا ہے… اس لئے ہم ایک بار پھر جذباتی ہو جاتے ہیں… جذبات کی رو میں بہہ جاتے ہیں اور…اور یوں جذبات میں آکر فیصلہ لینے کا یہ سلسلہ کھی ٹوٹتا نہیں ہے … ختم نہیں ہو تا ہے… اور اسی بات کا فائدہ لوگ اٹھا تے ہیں… ہمارے اپنے لوگ اٹھاتے ہیں… پہلے انجینئر صاحب نے اٹھایا اور… اور اب کوئی سرجن برکاتی اٹھانا چاہتے ہیں… برکاتی جیل میں ہیں ‘ اس لئے انہیں یا ان کے اہل خانہ کو لگتا ہے کہ جیل سے الیکشن لڑنا نہ صرف ان کا پیدائشی حق ہے بلکہ یہ لوگوں… کشمیریوں کے ذمہ ہے کہ وہ برکاتی کی حمایت کریں … ان کے حق میں ووٹ ڈیں اور … اور پھر ان کی کامیابی یقینی بھی بنائیں …لیکن کیوں ؟ اس بات کاہمیں ابھی تک کوئی جواب نہیں مل پایا ہے ۔اور لوگ بھی جذبات میں آکر ان کے حق میں باتیں کررہے ہیں‘ انہیں جتانے کی اپیلیں کررہے ہیں… ہمارا پھر یہی سوال ہے … کیوں ؟ برکاتی جیل میں ہیں تو وہ الیکشن کیوں لڑ رہے ہیں ؟اگر انہوں نے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا … تو کیوں یہ قوم کی ذمہ داری ہے کہ وہ انہیں کامیاب کرے… اور اگر وہ کامیاب ہو بھی جاتے ہیں تو… تو کیا انہیں رہائی ملے گی ؟اگر وہ الیکشن رہا ہونے کی لئے لڑ رہے ہیں تو… تو ان کی رہائی سے قوم کو کیا فائدہ ہو گا … کیا کسی قیدی کو رہا کرنے کیلئے کشمیری ووٹ دیں گے … اگر ایسا ہے تو… تو پھر ان سینکڑوں نوجوانوں کو بھی الیکشن لڑنا چاہیے جو جیل میں بند ہیں…پھر اس قوم کا دل ان کیلئے بھی دھڑکنا چاہیے… ان کی تکلیف کا بھی اس قوم کو احساس ہونا چاہیے… کہ ان میں سے ایک کثیر تعداد ایسی ہے جسے خود معلوم نہیں ہے کہ وہ سلاخوں کے پیچھے کیوں ہے …ان کا تو کوئی نام لیوا نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے ۔ ہے نا؟