سری نگر//
مرکزی داخلہ سیکرٹری اَجے کمار بھلا نے آج ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں جموںوکشمیر یوٹی کے چیف سیکریٹری اور دیگر سینئر سیکرٹریوں کے ساتھ جموںوکشمیر میں وزیر اعظم کے ترقیاتی پیکیج ( پی ایم ڈی پی ) کے تحت پروجیکٹوں کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔
میٹنگ میں ایم او آر ٹی ایچ، وزارتِ سیاحت ، این ایچ اے آئی ، این ایچ آئی ڈی سی ایل اور بی آر او کے سینئر اَفسران نے بھی شرکت کی۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ پی ایم ڈی پی کے تحت۵۸ہزار۴۷۷کروڑ روپے کی لاگت سے کُل۵۳ پروجیکٹوں پر عمل کیا جارہا ہے ۔۲۹ منصوبے پہلے ہی مکمل ہوچکے ہیں جبکہ۱۲ مزید منصوبے رواں مالی برس کے دوران مکمل کئے جائیں گے اورمزید چھ منصوبے ۲۰۲۳ ء کے آخیر تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔
ڈاکٹر مہتا نے وادی میں کشمیر پنڈت مائیگرنٹ کیلئے۶ہزار مکانات کی تعمیر کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ زیادہ تر مکانات پر کام شد ومدسے جاری ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ دسمبر ۲۰۲۲ء تک۱۳۲۴ مکانات مکمل کئے جائیں گے اور مزید ۶۷۲ مکانات اگلے سال اکتوبر تک تعمیر کئے جائیں گے ۔ اُنہوں نے یقین ظاہر کیا کہ باقی تمام ٹینیمنٹس۲۰۲۳ ء تک مکمل ہوجائیں گے ۔
جھیل ڈل اور نگین جھیل کی بحالی کے بارے میں بتایا گیا کہ دونوں جھیلوں کے تحفظ کیلئے۲۷۳ کروڑ روپے کی رقم سے ایک مربوط ڈی پی آر تیار کیا گیا ہے ۔
چیف سیکریٹری نے کہا کہ پروجیکٹ کی توجہ کیچ منٹ ائیریا کے واٹر مینجمنٹ کو بہتر بنانا ، گپت گنگا پر۳۰؍ایم ایل ڈی ایس ٹی پی کی تعمیر ،جھیل کے اَندر۲۸ بستیوں کیلئے سیوریج نیٹ ورک کا قیام اور جھیل کے علاقے کی ڈریجنگ پرمرکوزہے۔
ڈاکٹر مہتا نے کہا کہ جھیل ڈل کی حالت ماضی کے مقابلے آج بہت بہتر ہے جیسا کہ جھیل میں کم بی او ڈی ، ڈی او مواد اور اقدار سے ظاہر ہوتا ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس برس جھیل میں۲۵۰ کے قریب فوارے لگائے جائیں گے جس سے یہ ملک میں مزید پُرکشش سیاحتی مقام بن جائے گا۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ جموں وکشمیر میں تقریباً۱۰ میگاواٹ کی صلاحیت کے ۲۳؍ ایس ایچ پی پروجیکٹ لگائے جائیں گے ۔ ان۲۳ پروجیکٹوں میں سے ۶پروجیکٹوں کی فزیبلٹی اور وائبلٹی سٹیڈی آئی آئی ٹی روڑکی سے کی جارہی ہے اور باقی ۷پروجیکٹوں کو اگلے ۳ ماہ میں فزیبلٹی سٹیڈی کے لئے بھیج دیا جائے گا۔
ڈاکٹر مہتا نے کہا کہ سودیش ۰ء۱ کے تحت ۷۴ پروجیکٹ مکمل ہوچکے ہیں اور سودیش درشن۰ء۲ کے تحت مزید پروجیکٹوں کو۳ماہ کے اَندر نظر ثانی شدہ رہنما خطوط کے مطابق منظور ی کے لئے پیش کیا جائے گا۔
سیکریٹری سیاحت جموںوکشمیر نے بتایا کہ ترقی کیلئے۷۵ نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے اور ان مقامات کی ترقی کیلئے تجاویز جلد ہی سوویش درشن۰ء۲ کے تحت وزارتِ سیاحت کو پیش کی جائیں گی۔
چیف سیکریٹری نے پروجیکٹ ’’دریائے جہلم اور اس کی اِمداد کیلئے جامع فلد مینجمنٹ کے لئے منصوبہ مرحلہ دوم ‘‘ کے حوالے سے بتایا کہ سنگم پر دریائے جہلم کی نکاسی کی صلاحیت میں ۱۰ہزار کیوسک اِضافہ کیا گیا ہے ۔ ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے مزید کہا کہ اِس منصوبے کے اگلے مرحلے کے تحت نکاسی آب کی گنجائش میں۶۰ہزار کیوسک کا اِضافہ کیا جائے گا۔
چیف سیکریٹری نے عمل آوری ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ ان پروجیکٹوں پر کام کی رفتارکو تیز کریں کیوں کہ یہ جموںوکشمیر یوٹی کی معیشت کے لئے اہم ہے ۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ یہ بارہمولہ ۔ گلمرگ روڈ اور جموں۔ اکھنور روڈ پر کام وقت پر مکمل ہو جائے گا کیوں کہ ان پروجیکٹوں پر عمل در آمد کا کام آسانی سے جاری ہے۔
مرکزی داخلہ سیکرٹری اَجے کمار بھلا نے جموںوکشمیر میں پی ایم ڈی پی پروجیکٹوں کی اہمیت کا حوالہ دیتے ہوئے تمام شراکت داروں سے کہا کہ وہ ان پروجیکٹوں پر عمل آوری کو تیز کریں تاکہ انہیں مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جاسکے اور ان کے مطلوبہ فوائد جموںوکشمیر کے لوگوں تک پہنچ سکیں۔
چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے داخلہ سیکرٹری کو یقین دِلایا کہ جموںوکشمیر یوٹی انتظامیہ پی ایم ڈی پی پروجیکٹوںکی عمل آوری میں مرکزی ایجنسیوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔