نہیں صاحب آج ہم اس بحث میں نہیں پڑیں گے اور… اور بالکل بھی نہیں پڑیں گے کہ اپنے انجینئر …انجینئر رشید صاحب آئے ہیں یا انہیںلا یا گیا ہے… ہمیں اس میں اب کوئی دلچسپی نہیں رہی … اور اس لئے نہیں رہی کہ … کہ ان جناب کے غبارے سے ساری کی ساری ہوا نکل گئی ہے… جی ہاں ہم یہ یقین سے کہہ رہے ہیں کہ انجینئر صاحب کے غبارے سے ساری ہوا نکل چکی ہے… اس لئے اب اس پر بات کرنا کوئی معنی نہیں رکھتا ہے کہ انہیں الیکشن کے دوران کشمیر لایا گیا یا یہ جناب خود آگئے … لیکن اس کا یہ مطلب نہیں … اور بالکل بھی نہیں کہ ہم ان کے بارے میں بات نہیں کریں گے… یقینا ہم ان کے بارے میں بات کریں گے … یہ بات کہ جب سے انہیں ضمانت ملی ہے … ان کے لب و لہجے میں ہم نے اگر کچھ دیکھا تو… تو تلخی دیکھی ہے… اس بات کی تلخی کہ یہ جناب گزشتہ پانچ برسوں سے جیل میں ہیں… یہ جیل کاٹ رہے ہیں… یہ جناب بار بار اس بات کا تذکرہ بھی کرتے ہیں کہ یہ جیل میں تھے اور… اور باقی سیاستدان اپنے گھروں میں عیش کررہے تھے… اتنا ہی نہیں بلکہ انجینئر صاحب یہ بھی کہتے ہیں کہ وہ جیل میں کشمیریوں کیلئے تھے… کشمیریوں کے حقوق کیلئے تھے … ان جناب کا یہ دعویٰ ایسا ہی جیسا اپنے بخاری … الطاف بخاری صاحب کا یہ دعویٰ کہ… کہ انہوں نے جموں کشمیر کے لوگوں کی زمینوں اور نوکریوں کو تحفظ دلایا… دونوں دعوے بے ہودہ ہیں… جھوٹ کا پلندہ بھی … ان میں کوئی سچائی ‘ کوئی حقیقت نہیں ہے… انجینئر رشید دہشت گردی کی فنڈنگ کے ایک کیس میں گزشتہ پانچ برسوں سے بند ہیں…ان پر جو الزام لگایا گیا ہے اس میں کتنی سچائی اس بات کا فیصلہ تو عدالت کریگی … لیکن … لیکن فی الحال یہ اسی الزام میں یو اے پی اے کے تحت بند ہیں… اب ان کا جیل میں بند رہنا کشمیریوں اور ان کے حقوق کیلئے کیسے ہے؟ یہ ہماری اس نا سمجھ ‘ سمجھ میں نہیں آ رہا ہے… بالکل بھی نہیں آرہا ہے ۔انجینئر صاحب اکیلے جیل میں بند نہیں ہیں ‘ سینکڑوں کشمیری بھی مقید ہیں اور… اور ان میں سے کئی ایسے بھی ہیں جنہیں خود معلوم نہیں ہے کہ وہ کس جرم بے گناہی میں بند ہیں… ان بے چاروں کا کوئی نام لیوا نہیں ہے اور… اور ایک انجینئر صاحب ہیں… جو ممبر پارلیمنٹ بھی ہیں … جیل کے باہر بھی ہیں اور … اور اپنی جماعت کی انتخابی مہم بھی چلا رہے ہیں… اور… اورہاں قوم پر احسان بھی جتلارہے ہیں ۔ ہے نا؟