جموں//
مرکزی وزیر‘ انوراگ ٹھاکر کا الزام ہے کہ نیشنل کانفرنس اورکانگریس کے تار پاکستان کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔
ٹھاکر نے کہا کہ جب بھارت سرجیکل سٹرائیک کرتا ہے تو یہ پارٹیاں فوج کی صلاحیت پر سوال اٹھاتی ہیں۔
مرکزی وزیر نے ہفتے کو ریاسی میں پاکستانی وزیر خارجہ کے حالیہ ایک بیان کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا’’پاکستان کے وزیر خارجہ کے بیان سے صاف ظاہر ہوجاتا ہے کہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے تار پاکستان سے جڑے ہوئے ہیں جب بھارت سرجیکل سٹرائیک کرتا ہے تو فوج کی صلاحیت پر سوال اٹھاتے ہیں‘‘۔
ٹھاکر نے کہا’’پاکستان جب ملک میں دہشت گردی پھیلاتا ہے تو نیشنل کانفرنس، کانگریس اور پی ڈی پی خاموش رہتی ہیں اگر بی جے پی کہتی ہے کہ پاکستان پہلے دہشت گردی بند کرے پھر بات چیت کریں گے لیکن یہ جماعتیں کہتی ہیں کہ پہلے بات چیت کی جائے ‘‘۔
ان کا کہنا تھا’’دفعہ۳۷۰کی وجہ سے ہی چالیس ہزار جانیں چلی گئیں اور اس کے باوجود بھی یہ پارٹیاں اس کو واپس لانے ، پی ایس اے ختم کرنے کی وکالت کرتی ہیں‘‘۔