سری نگر//
جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بدھ کی صبح ضلع پولیس لائنز پر تعینات ایک سی آر پی ایف اہلکار کی اچانک موت واقع ہوگئی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پلوامہ کی ضلع پولیس لائنز پر تعینات ایک سی آر پی ایف اہلکار بدھ کی صبح قریب پونے نو بجے اچانک بے ہوش ہوگیا۔
مذکورہ اہلکار کو فوری طور پر ضلع ہسپتال پلوامہ منتقل کیا گیا جہاں سے اس کو شری مہاراجہ ہری ہسپتال (ایس ایم ایچ ایس) سری نگر منتقل کیا گیا۔ ایس ایم ایچ ایس میں ڈاکٹروں نے سی آر پی اہلکار کو مردہ قرار دیا۔
متوفی اہلکار کی شناخت ہیڈ کانسٹبل شیو شنکر کے بطور ہوئی ہے جو سی آر پی ایف کی۱۸۲ویںبٹالین سے وابستہ تھے ۔
ذرائع نے بتایا کہ اس ضمن میں۱۷۴سی آر پی سی کے تحت تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
اس دوران جموں وکشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے بھدرواہ علاقے میں ایک سپیشل پولیس افسر(ایس پی او) کی پر اسرار حالت میں لاش بر آمد کی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ بھدرواہ کے ڈرافر علاقے میں گذشتہ شام ایک ایس پی او کی لاش بر آمد کی گئی۔
متوفی ایس پی او کی شناخت سبھاش چندر کے بطور ہوئی ہے ۔اہل خانہ کا الزام ہے کہ ان کا کسی نے قتل کیا ہے ۔
متوفی کے والد کا کہنا ہے ’’اس نے گذشتہ رات گھر والوں کو فون پر کھانا تیار رکھنے کو کہا تھا لیکن اس کے پندرہ منٹ بعد ساڑھے نو بجے اس کی لاش بر آمد کی گئی‘‘۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے ۔