سرینگر//
جموںکشمیر کے وسطی ضلع بڈگام کے وتر ہیل علاقے میں بی ایس ایف گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں۴جوان جاں بحق جبکہ۳۳دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ زخمیوں میں سے۱۲بی ایس ایف جوانوں کی حالت بھی نازک بنی ہوئی ہے ۔
اطلاعات کے مطابق جمعے کی شام بڈگام کے وتر ہیل علاقے میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب الیکشن ڈیوٹی پر مامور بی ایس ایف گاڑی لڑھک گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار سبھی جوان بس کے نیچے آئے ۔
معلوم ہوا ہے کہ مقامی لوگوں نے فوری طورپر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور گاڑی کے نیچے پھنسے ہوئے اہلکاروں کو باہر نکال کر ہسپتال پہنچایا تاہم ڈاکٹروں نے ۴ جوانوں کو مردہ قرار دیا۔
ذرائع کے مطابق زخمیوں کو ضلع ہسپتال بڈگام منتقل کیا گیا جہاں پر ابتدائی مرہم پٹی کے بعد ۲۰کو سرینگر ریفر کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں سے ۱۲؍اہلکاروں کی حالت بھی نازک بنی ہوئی ہے ۔
ضلع ہسپتال بڈگام میں تعینات ایک سینئر ڈاکٹر نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ وتر ہیل بڈگام میں بی ایس ایف گاڑی کو حادثہ پیش آیا ہے ۔انہوں نے بتایا حادثے میں زخمی ہوئے۳۳جوانوں کو ضلع ہسپتال لایا گیا جن میں سے پہلے ہی دو اہلکار فوت ہو چکے تھے جبکہ مزید دو ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ حادثے میں زخمی ہوئے اہلکاروں کو ابتدائی مرہم پٹی کے بعد سری نگر ریفر کیا گیا ۔
ان کے مطابق مزید ایک درجن بی ایس ایف جوانوں کی حالت نازک بنی ہوئی ہے اور انہیں بھی مزید علاج ومعالجہ کی خاطر سری نگر منتقل کیا گیا ہے ۔
دریں اثناجموں وکشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں ماتا آشرم روڈ کے نزدیک جمعے کے روز فوجی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ایک جوان از جان جبکہ چھ دیگر شدید طورپر زخمی ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق کٹھوعہ کے ماتا آشرم روڈ پر اس وقت سراسیمگی دوڑ گئی جب فوجی گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار سات جوان شدید طورپر زخمی ہوئے ۔
معلوم ہوا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے ایک اہلکار کو مردہ قرار دیا۔
متوفی جوان کی شناخت رام کشور کے بطور کی گئی ہے جبکہ زخمی اہلکاروں کی پہچان انیل سنگھ، بھوپندر سنگھ، مہی پال سنگھ، سندر پانڈیااور لوکیندر سنگھ کے بطور ہوئی ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے ۔