وردھا //
وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے حالیہ غیر ملکی دورے کے دوران کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کے متنازعہ بیانات پر جمعہ کو کانگریس پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ آج کی کانگریس مہاتما گاندھی کی کانگریس اب نہیں رہی، اس پارٹی میں حب الوطنی دم توڑ چکی ہے اور نفرت کا بھوت اس پر سوار ہے ۔
پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر کا نام لیے بغیر مودی نے کہا کہ آج کانگریس کے لیڈر بیرون ملک جا کر ملک مخالف ایجنڈا چلاتے ہیں اور ہندوستانی سنسکرت اور یہاں کے لوگوں کے آستھا کی توہین کرتے ہیں۔ مسٹر مودی کاریگروں کی مدد کے لیے مرکزی حکومت کے جاری وشوکرما پروگرام پر منعقد ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔
واضح رہے کہ یہاں کا وردھا آشرم مہاتما گاندھی اور آچاریہ ونوبا بھاوے جیسے عظیم انسانوں کا کام کرنے کی جگہ اور سماجی تجربہ گاہ رہا ہے ۔
وزیر اعظم نے کہا’’آج ہم جس کانگریس کو دیکھ رہے ہیں وہ کانگریس نہیں ہے جس سے کبھی مہاتما گاندھی جیسے عظیم ہستی وابستہ تھی۔ آج کی کانگریس میں حب الوطنی کا جذبہ دم توڑ چکا ہے ۔ نفرت کا بھوت آج کی کانگریس میں گھس چکا ہے ‘‘۔
اپنے حالیہ دورہ امریکہ کے دوران ہندوستان میں سکھوں کی حیثیت اور دیگر مسائل پر گاندھی کے متنازعہ بیانات اور کچھ ہندوستان مخالف لوگوں کے ساتھ ان کی مبینہ ملاقاتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا’’آپ دیکھیں، آج کانگریس کے لوگ ان کی زبان، ان کی بولی ان کا ملک دشمن ایجنڈا غیر ملکی سرزمین پر جا کر، سماج کو توڑنے ، ملک کو توڑنے کی بات، ہندوستانی ثقافت اور عقیدے کی توہین کرنا، یہ وہ کانگریس ہے جسے ٹکڑے ٹکڑے گینگ اور اربن نکسل کے لوگ چلا رہے ہیں‘‘۔
مودی نے کہا کہ آج ملک میں اگر کوئی سب سے زیادہ بے ایمان اور بدعنوان پارٹی ہے تو وہ کانگریس پارٹی ہے ۔ ملک میں اگر کوئی سب سے زیادہ کرپٹ خاندان ہے تو وہ کانگریس کا شاہی خاندان ہے ۔