نئی دہلی//
وزیر اعظم نریندر مودی امریکہ، ہندوستان، جاپان اور آسٹریلیا کے چار فریقی اتحاد( کواڈ) کے چوتھے سربراہی اجلاس اور نیویارک میں مستقبل پر چوٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے۲۱ستمبر کو تین روزہ دورے پر امریکہ روانہ ہوں گے ۔
وزارت خارجہ کے مطابق اس دورے کے دوران مودی۲۱ستمبر کو ڈیلاویئر کے ولیمنگٹن میں امریکی صدر جو بائیڈن کی میزبانی میں ہونے والی چوتھی کواڈ لیڈرس سمٹ میں شرکت کریں گے ۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کو اس سال کواڈ سربراہی اجلاس کی میزبانی کرنی تھی لیکن امریکی فریق کی درخواست کے بعد ہندوستان نے۲۰۲۵میں اگلی کواڈ سربراہی کانفرنس کی میزبانی پر رضامندی ظاہر کی ہے ۔
کواڈ سربراہی اجلاس میں، چاروں ممالک کے رہنما کواڈ کی طرف سے گزشتہ ایک سال میں حاصل کی گئی پیش رفت کا جائزہ لیں گے اور انڈو پیسیفک خطے کے ممالک کو اپنے ترقیاتی اہداف اور خواہشات کو پورا کرنے میں مدد کرنے کیلئے آئندہ سال کیلئے ایک ایجنڈا طے کریں گے ۔
وزارت خارجہ کے مطابق۲۳ستمبر کو وزیراعظم نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ’فیوچر سمٹ‘سے خطاب کریں گے ۔
سربراہی اجلاس کا موضوع ’بہتر کل کیلئے کثیر الجہتی حل‘ہے ۔ اس سمٹ میں عالمی رہنماؤں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے ۔ سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم متعدد عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے ۔
وزیر اعظم ۲۲ستمبر کو نیویارک میں ہندوستانی برادری کے ایک اجتماع سے خطاب کریں گے ۔ وہ دونوں ممالک کے درمیان اے آئی، کوانٹم کمپیوٹنگ، سیمی کنڈکٹر اور بائیو ٹیکنالوجی کے جدید شعبوں میں زیادہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے امریکہ میں مقیم بڑی کمپنیوں کے سی ای اوز سے بھی ملاقات کریں گے ۔
امکان ہے کہ مودی ہندوستان امریکہ دو طرفہ منظر نامے میں سرگرم مفکرین اور دیگر اہم شخصیات سے بھی بات چیت کریں گے ۔